Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

بشریٰ بی بی کی عمران خان سے ملاقات، اڈیالہ جیل کے باہر مظاہرے میں 5 پی ٹی آئی کارکن گرفتار

دونوں میاں بیوی کی ملاقات عدالتی احکامات پر کرائی گئی
شائع 10 اپريل 2024 04:26pm

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے درمیان عدالتی حکم پر کرائی گئی ختم ہوگئی ہے، پولیس نے بشریٰ بی بی کو واپس بنی گالہ منتقل کردیا ہے۔

بشریٰ بی بی کو سخت سکیورٹی حصار میں ان کی سب جیل بنی گالہ سے اڈیالہ جیل لایا گیا، اس دوران اڈیالہ جیل کے سامنے سڑک کی ایک جانب کو بند کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق دونوں میاں بیوی کی ملاقات عدالتی احکامات پر کانفرنس روم میں کرائی گئی جو کہ ایک گھنٹے تک جاری رہی، بعد ازاں بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل سے واپس بنی گالا پہنچا دیا گیا۔

خیال رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے بشریٰ بی بی اور عمران خان کی ملاقات کا حکم دیا تھا۔

اڈیالہ جیل کے باہر مظاہرہ

ایک طرف اڈیالہ جیل میں بشریٰ بی بی کی عمران خان سے ملاقات جاری تھی تو دوسری جانب پی ٹی آئی کے کارکنان نے عمران خان کی رہائی کیلئے اڈیالہ جیل کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا، اس دوران پولیس نے پانچ کارکنان کو حراست میں لے لیا۔

اڈیالہ جیل کے باہر کیے گئے احتجاجی مظاہرے کی قیادت پی ٹی آئی شمالی پنجاب کی صدر سیمابیہ طاہر نے کی۔

پی ٹی آئی کارکنان نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے اڈیالہ جیل جانے والی روڈ بلاک کردی جبکہ پولیس نے احتجاجی مظاہرین کو جیل کے مرکزی دروازے تک جانے سے روک دیا۔

مظاہرین کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کے حق میں نعرے بازی کی گئی اور ”رہا کرو رہا کرو بانی پی ٹی آئی کو رہا کرو“ کے نعرے لگائے گئے۔

جیل کالونی گیٹ سے آگے جانے کی اجازت نہ دینے پر مظاہرین منتشر ہوگئے۔

دوسری جانب اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر 5 کے قریب پولیس نے 5 پی ٹی آئی کارکنان کو جیل گیٹ کے قریب ویڈیو بنانے پر حراست میں لے لیا۔

زیرِ حراست افراد میں ارشد خان،راجہ جاوید، طارق خان، ڈاکٹر فضل الہیٰ اور دانش شامل ہیں، جنہیں پولیس چوکی اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔

IMRAN KHAN Adiyala Jail

Imran Khan Bushra Bibi Meeting