Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پاکستان کے بعد برازیل بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس سے ناراض، مقدمہ کردیا

ایلون مسک کے خلاف سپریم کورٹ جج کی کارروائی، ایکس سربراہ دھمکیوں پر اتر آئے
اپ ڈیٹ 08 اپريل 2024 06:09pm

برازیل کی سپریم کورٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر موجود کچھ مشہور اکاؤنٹس کو محدود یا معطل کرنے کے حوالے سے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر ٹیک میگنیٹ ایلون مسک کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا۔

سپریم کورٹ نے نام نہاد ”ڈیجیٹل ملیشیا“ کے حوالے سے جاری وسیع تر انکوائری میں ایلون مسک کو شامل کرنے کا بھی حکم دیا، یہ اصطلاح ان لوگوں کیلئے استعمال کی جاتی ہے جن پر برازیل میں جمہوری اداروں پر حملہ کرنے کے لیے آن لائن غلط معلومات پھیلانے کا الزام ہے۔

یہ احکامات ایکس پر مسک کی جانب سے پوسٹ کی گئی کھلی خلاف ورزی کی دھمکیوں کے بعد جاری کئے گئے ہیں۔

ایلون مسک نے پہلے دیے گئے عدالتی احکامات کے جواب میں ہفتے کو لکھا، ’ہم تمام پابندیاں اٹھا رہے ہیں۔ اس جج نے بڑے پیمانے پر جرمانے لگائے ہیں، ہمارے ملازمین کو گرفتار کرنے کی دھمکی دی ہے اور برازیل میں رسائی منقطع کر دی ہے۔ اس کے نتیجے میں، ہم ممکنہ طور پر برازیل میں تمام آمدنی سے محروم ہو جائیں گے اور ہمیں وہاں اپنا دفتر بند کرنا پڑا ہے۔ لیکن اصول منافع سے زیادہ اہمیت رکھتے ہیں۔‘

اتوار تک ایلون مسک نے برازیل کی سپریم کورٹ کو مزید مشتعل کر دیا، انہوں نے سپریم کورٹ کے اس جج کے استعفے یا ان کے مواخذے کا مطالبہ کیا جس نے ان کے خلاف فیصلہ دیا۔

اتوار کو ٹیک جائنٹ نے ایکس کے اندر سے ایسی معلومات شائع کرنے کی دھمکی بھی دی جو جج کو اپنے ہی ملک میں غدار قرار دے سکتی ہے۔

انہوں نے لکھا، ’جلد آرہا ہے، وہ سب کچھ شائع کرے گا جس کا (الیگزینڈر ڈی موریس) نے مطالبہ کیا تھا اور یہ کہ وہ درخواستیں کس طرح برازیل کے قانون کی خلاف ورزی کرتی ہیں۔ اس جج نے ڈھٹائی سے اور بار بار برازیل کے آئین اور عوام کے ساتھ غداری کی ہے۔ اسے مستعفی ہو جانا چاہیے یا اس کا مواخذہ کیا جانا چاہیے‘۔

جج موریس نے طویل عرصے سے برازیل میں آن لائن نقصان دہ مواد اور غلط معلومات پر لگام لگانے کے لیے ضوابط کی حمایت کی ہے۔

انہیں ٹیک کمپنیوں، ملک میں انتہائی دائیں بازو کے عہدیداروں، اور سابق صدر بولسونارو سمیت متعدد اداروں سے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

ایکس اور دیگر سوشل نیٹ ورکس کو آسٹریلیا، برازیل، یورپی یونین، ہندوستان اور ترکی سمیت دنیا بھر میں بڑھتے ہوئے ریگولیٹری دباؤ کا سامنا ہے۔

ہر ایک اکاؤنٹ جسے ایکس برازیل کی سپریم کورٹ کے احکامات کے خلاف بحال کرے گا، عدالت مسک اور کمپنی کو فی دن 100,000 ریئس (تقریباً 20,000 ڈالر) جرمانہ کرے گی۔

عدالت کے احکامات کی خلاف ورزی کرنے پر برازیل میں ملوث افراد کو بھی جوابدہ ٹھہرایا جائے گا۔

جج موریس نے اپنے فیصلے میں لکھا ہے کہ مسک کے بیانات سے ظاہر ہوتا ہے ایکس برازیل کی جمہوریت کے خلاف مجرمانہ سرگرمیوں کو فروغ دینے والوں کی حفاظت کرتا ہے۔

Elon Musk

Brazilian Supreme Court

Judge Alexandre de Moraes