Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

سعودی عالمِ دین فیصل مسجد میں نمازِ عید کی امامت کریں گے

پاکستان کے 10 روزہ دورے میں ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ سیرت النبی میوزیم کا سنگِ بنیاد بھی رکھیں گے
اپ ڈیٹ 08 اپريل 2024 01:55pm

سعودی عرب کے معروف عالمِ دین ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ اسلام آباد کی فیصل مسجد میں نمازِعید کی امامت کریں گے۔

ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ علمی حلقوں میں معروف ہیں اور ساتھ ہی فلاحی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔ وہ 10 روزہ دورے پر اتوار کو پاکستان پہنچے ہیں۔ ملک میں ان کا قیام 16 اپریل تک رہے گا۔ اس دوران وہ حکام سے بھی ملیں گے۔ اس دورے کا بنیادی مقصد بین المذاہب اور بین المالک ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔

موتمر عالمِ اسلامی کے سیکریٹری جنرل اور کونسل آف مسلم اسکالرز کے چیئرمین کی حیثیت سے ڈاکٹر محمد عبدالکریم العیسیٰ دینی خدمات کے حوالے سے نمایاں رہے ہیں۔ اسلامو فوبیا کے خاتمے اور مذہبی بنیاد پر پُرامن بقائے باہمی کے فروغ سے متعلق اُن کی خدمات کو عالمگیر سطح پر سراہا جاتا رہا ہے۔

ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسٰی نے 2019 میں مسلم اور غیر مسلم اسکالرز کے درمیان مکالمے کی بنیاد رکھی جو دی چارٹر آف مکہ (میثاقِ مکہ) پر منتج ہوا۔ یہ چارٹر یا میثاق مختلف مذاہب میں افہام و تفہیم اور باہمی احترام یقینی بنانے کے حوالے سے غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔ وہ سیرت النبی میوزیم کا سنگِ بنیاد بھی رکھیں گے۔

Islamophobia

SAUDI SCHOLAR

DR MUHAMMED BIN ABDUL KARIM

FAISAL MASJID

LEADING EID PRAYERS