Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پانچ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا عمل تیز کرنے کی سعودی یقین دہانی

محمد بن سلمان اور شہباز شریف کی ملاقات کا مشترکہ اعلامیہ جاری، تنازع کشمیر کا بھی ذکر
اپ ڈیٹ 08 اپريل 2024 04:44pm

وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان مکہ المکرمہ میں ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں اسرائیل کے غزہ میں غیرقانونی اقدامات کو روکنے اور غزہ تک امداد کی بلاروک ٹوک فراہمی پر زور دیا۔

ملاقات کے بعد جاری سرکاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کے دورے پر ہیں، آج مکہ المکرمہ کے الصفاء پیلس میں ان کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات ہوئی۔

سعودی ولی عہد نے وزیر اعظم کو منصب سنبھالنے پر مبارک باد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کی غیر متزلزل حمایت اور مہمان نوازی پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا اور دوطرفہ تعلقات اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

دونوں رہنماؤں کی بات چیت کا محور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے راستے تلاش کرنا تھا۔

ملاقات میں پاکستان کی معیشت میں سعودی عرب کے تعاون کو سراہا گیا اور دونوں ممالک کے درمیان کاروبار اور سرمایہ کاری کے حوالے سے تعاون بڑھانے کے باہمی عزم کا اظہار کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان میں 5 ارب ڈالر مالیت کے نئے سعودی سرمایہ کاری پیکیج کے پہلے فیز کو جلد از جلد پایۂ تکمیل تک پہنچانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے غزہ کی تشویشناک صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کی علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہء خیال کیا۔ انہوں نے غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کو روکنے اور انسانی جانی نقصان کو کم کرنے کے لیے بین الاقوامی کوششوں پر زور دیا۔

دونوں رہنماؤں نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیل پر دباؤ بڑھائیں تا کہ وہ اپنے غیر قانونی اقدامات سے باز آئے اور بین الاقوامی قانون کی پاس داری کرے۔

دونوں رہنماؤں نے غزہ تک بلا روک ٹوک انسانی امداد کی رسائی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے سلامتی کونسل اور جنرل اسمبلی کی متعلقہ قراردادوں کے ساتھ ساتھ عرب امن اقدام کے عمل کو آگے بڑھانے کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا جس کا مقصد ایک آزاد فلسطینی ریاست، جس کا دارالحکومت مشرقی یروشلم ہو ، کے قیام کے لیے ایک منصفانہ اور جامع حل تلاش کرنا ہے۔

دونوں فریقین نے خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان اور بھارت کے درمیان تنازعات بالخصوص جموں و کشمیر کے تنازع کو حل کرنے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیراعظم پاکستان نے سعودی ولی عہد کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت دی جسے ولی عہد نے قبول کرلیا۔

وزیر اعظم کی عمرہ ادائیگی

وزیراعظم شہباز شریف نے عمرہ کی سعادت حاصل کرلی۔

شہباز شریف نے مغرب کی نمازمحمد بن سلمان کے ساتھ ادا کی۔

وزیراعظم نے حرم میں ختم قرآن کی دعا میں بھی شرکت کی۔

شہباز شریف کے وفد میں وزیر اعلیٰ پنجاب، وفاقی وزرا بھی موجود تھے۔

Saudia Arabia

Mohammed bin Salman

PM Shehbaz Sharif