Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

شہداء کو قوم کا سلام، سانحہ گیاری سیکٹر کو 12 سال مکمل

قدرتی آفت کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کی یادیں آج بھی تازہ
اپ ڈیٹ 07 اپريل 2024 03:57pm

گیاری سیکٹر سیاچن کے اندوہناک سانحے کو 12 سال مکمل ہوگئے لیکن قدرتی آفت کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کی یادیں آج بھی تازہ ہیں۔

سانحہ گیاری سیکٹر کو 12 سال بیت گئے، پوری قوم کی جانب سے عظیم شہداء کو سلام پیش کیا جارہا ہے، یادگار شہداء گیاری کے مقام پر خصوصی تقریب ہوئی، پاک فوج کے چاک چوبند دستے کی سلامی اور پھول رکھے گئے۔

گیاری کے مقام پر سیاچن گلیشیئر کا شمار دنیا کی سب سے بلند ترین دفاعی چوٹیوں میں ہوتا ہے، 7 اپریل 2012 کا دن سانحہ بن کر طلوع ہوا، جب سیاچن گلیشیئر پر ناردرن لائن انفنٹری بٹالین کی کمانڈ لیفٹیننٹ کرنل تنویر کر رہے تھے جبکہ ان کے ہمراہ میجر ذکاء بھی موجود تھے۔

گیاری سیکٹر میں ناردرن لائن انفنٹری کی یونٹ پر بڑا برفانی تودا آگرا، برفانی تودے نے تقریباً ایک کلو میٹر کے علاقے کو متاثر کیا۔

سیاچن کے گیاری سیکٹر میں برفانی تودہ گرنے سے 129 فوجیوں نے جام شہادت نوش کیا، پاک فوج نے اس تاریخی آپریشن میں عزم و ہمت اور حوصلے کی نئی داستان رقم کی۔

بٹالین ہیڈ کوارٹر گزشتہ 20 سال سے اسی مقام پر موجود تھا، سانحے میں این ایل آئی سکس کا بٹالین کا ہیڈ کوارٹرز مکمل طور پر دب گیا تھا جبکہ وہاں موجود افراد میں سے کسی کو بھی زندہ نہیں نکالا جاسکا تھا۔

اس علاقے میں پیدل پہنچنا بہت مشکل تھا، سخت موسمی حالات نے امدادی سرگرمیوں کو بھی شدید متاثر کیا لیکن پاک فوج کے باہمت جوانوں نے 13000 فٹ کی بلند چوٹی پر اس آپریشن کو ممکن کر کے دکھایا۔

گیاری سیکٹر پر امدادی سرگرمیاں ڈیڑھ سال تک جاری رہیں جس میں امریکا، جرمنی سمیت کئی ملکی ماہرین کی ٹیموں نے بھی حصہ لیا۔

اس سانحے میں آرمی کے 129 افسر اور جوان شہید ہوگئے تھے، 7 شہداء کےعلاوہ باقی تمام شہداء کے جسدِ خاکی ورثاء کے حوالے کیے گئے۔

غیرملکی ریسکیو ٹیمز نے اس مشن کو ناممکن قرار دیا تھا، انجینئرز کور کے ساتھ ساتھ دیگر بٹالینز نے ریسکیو آپریشن تکمیل تک پہنچایا۔

شہداء کی یاد میں یادگار شہداء سیاچن کی بلند و بالا چوٹی پر نصب کی گئی، آج پوری قوم گیاری سیکٹر کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، شہداء گیاری کی عظیم قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔

pakistan army

اسلام آباد

gayari sector incident

siachen

Tragedy Giari Sector

Giari Sector