Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

صحت عامہ کی سہولیات تک رسائی ہر شہری کا بنیادی حق ہے، وزیراعظم

ن) لیگ کے منشور میں صحت کی سہولیات کی فراہمی شامل ہے، شہباز شریف
شائع 07 اپريل 2024 03:10pm

وزیراعظم شہبازشریف کاکہنا ہے کہ صحت عامہ کی سہولیات تک رسائی ہر شہری کا بنیادی حق ہے، (ن) لیگ کے منشور میں صحت کی سہولیات کی فراہمی شامل ہے، صحت سہولیات کی رسائی کے لئے اقدامات اٹھا رہے ہیں، ہر صوبے میں میڈیکل سٹی کا قیام اولین ترجیح ہے۔

عالمی یوم صحت پر وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا پیغام میں کہنا تھاکہ آج صحت کے عالمی دن کے موقع پر میں حکومت پاکستان کے اس عزم کا اعادہ کرتا ہوں کہ تمام شہریوں تک صحت کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، اس سال صحت کے عالمی دن کا موضوع ”میری صحت، میرا حق“ ہے جو کہ اس امر کی تجدید کرتا ہے کہ صحت عامہ کی سہولیات تک رسائی ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے منشور میں صحت کی سہولیات سب تک پہنچانے کے وعدے کے مطابق ہماری توجہ پرائمری، سیکنڈری اور ٹرشری ہیلتھ کیئر، طبی نگہداشت ، طبی تعلیم اور گورننس کو بہتر بنانے پر رہے گی, ہم عام آدمی تک صحت کی سہولیات کی رسائی کے لئے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

وزہراعظم نے مزید کہا کہ ہم موبائل ہیلتھ کلینک شروع کرنے اور حفاظتی ٹیکوں کے نظام کو مزید متحرک کرنے اور ذہنی صحت کے حوالے سے خدمات کو بہتر بنانے کے لیے صوبائی حکومتوں کی مدد اور حوصلہ افزائی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہر صوبے میں میڈیکل سٹی کا قیام اور آپریشنلائزیشن، کینسر کیئر ہسپتال کا قیام اور ہر صوبے میں پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ کی سہولیات کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمیں پاکستان مسلم لیگ ن کے 2013 سے 2018 تک کے دور میں ہیلتھ کارڈ کی سہولت شروع کرنے پر فخر ہے، ہم اپنے شہریوں کے لیے یونیورسل ہیلتھ کوریج اور یونیورسل ہیلتھ انشورنس کے لیے پرعزم ہیں اور خاص کر کم آمدن افراد کے لیے صحت کی سہولیات کی مفت فراہمی کے لئے اقدامات اٹھا رہے ہیں ۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ صحت کے اس عالمی دن پر، میں صحت کے پیشہ ور افراد، پیرا میڈیکل اسٹاف، نرسوں اور دیگر ہیلتھ ورکرز کی خدمات کو سراہتا ہوں جو قوم کو صحت کی خدمات فراہم کرنے کے لیے دن رات کام کرتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں ایک بار پھر پاکستان کے صحت کے شعبے کو ہر سطح پر بہتر کرنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہوں ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ہر پاکستانی کو معیاری صحت کی خدمات تک رسائی حاصل ہو۔

Shehbaz Sharif

اسلام آباد

PM Shehbaz Sharif

World Health Day