بھارت الیکشن کے چکر میں ایسی حرکت نہ کر بیٹھے جس کا اسے خمیازہ بھگتنا پڑے، وزیر دفاع
وزیرِ دفاع خواجہ آصف کا بھارتی ہم منصب راج ناتھ سنگھ کے بیان پر کہنا ہے کہ بھارت الیکشن کے چکر میں ایسی حرکت نہ کر بیٹھے جس کا اسے خمیازہ بھگتنا پڑے، کوئی حماقت کی تو منہ توڑ جواب دیں گے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ چند سال قبل بھارت نے پاکستان میں کارروائی تو کیا انجام ہوا، ہم نے بھارت کا جہاز گرایا، پائلٹ کو خیرات میں واپس کیا، دوبارہ ایسی کوشش کی تو وہی جواب دیں گے جو پہلے دیا تھا۔
واضح رہے کہ بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے حال ہی میں انڈین ٹی وی ”نیوز 18“ کو انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ ’اگر کسی بھی پڑوسی ملک سے کوئی دہشت گرد بھارت میں خلل ڈالنے یا یہاں دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی کوشش کرے گا تو اس کا منہ توڑ جواب دیں گے، اگر وہ بھاگ کر پاکستان جائے گا تو پاکستان میں گھس کر ماریں گے‘۔
وزیر دفاع نے کہا کہ بھارت ہمسایہ ممالک کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی کی سرپرستی کرتا ہے، بھارت میں اتنی جرات نہیں کہ براہ راست حملہ کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ راج ناتھ الیکشن مہم کی وجہ سے بڑھکیں مار رہے ہیں، الیکشن کے چکر میں بھارت ایسی حرکت نہ کر بیٹھے جس کا اسےخمیازہ بھگتنا پڑے۔
Comments are closed on this story.