پی ٹی آئی کا سنی اتحاد کونسل سے اپنے ارکان علیحدہ کرنے اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کا اعلان
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ بلے کا نشان ملتے ہی تمام اراکین واپس پی ٹی آئی میں شامل ہوجائیں گے۔
ڈان نیوز کے مطابق بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی نے سنی اتحاد کونسل میں ضم نہ ہونے اور اپنے اراکین واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بلے کا نشان واپس ملتے ہی ہم اپنی جماعت میں واپس آجائیں گے۔
فواد چوہدری اڈیالہ جیل سے رہا، گھر پہنچنے پر جذباتی مناظر
انہوں نے کہا کہ ہم تحریک انصاف کے ووٹ اور سپورٹ سے جیتے ہیں، ہم پارلیمان میں نمائندگی بھی پی ٹی آئی ہی کی چاہیں گے۔
بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ سنی اتحاد کونسل کے ساتھ معاہدے میں لکھا تھا کہ واپس پی ٹی آئی جوائن کریں گے، ہمیں سرٹیفکیٹ کا انتظار ہے، سرٹیفکیٹ ملتے ہی ہم اپنی پارٹی دوبارہ جوائن کریں گے۔
پی ٹی آئی کی 14رکنی سیاسی کمیٹی تشکیل، کیا شیر افضل شامل ہیں؟
انہوں نے واضح کیا کہ سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا پی ٹی آئی میں نہیں آئیں گے بلکہ وہ اپنی جماعت ہی میں رہیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ سنی اتحاد کونسل شاید پی ٹی آئی کے ساتھ مرجر نہ کرے، کیونکہ وہ ایک مذہبی اور ہم ایک جمہوری جماعت ہیں، ہم اپنا پلیٹ فارم رکھیں گے۔
سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر بیرسٹر علی ظفر ہوں گے، بیرسٹر گوہر
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہرعلی خان نے اڈیالہ جیل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج اڈیالہ میں القادر یونیورسٹی سے متعلق سماعت تھی۔
انہوں نے کہا کہ پراسیکیوشن کا کیس زمین بوس ہوگیا ہے، توشہ خانہ کیس بھی سیاسی بنیادوں پر بنایا گیا ہے، بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ میرے خلاف کیسز سیاسی ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ عمران خان نے کہا ہے جو میرے خلاف اپروور (گواہ) بن گئے تھے، میں ان اپرووز اور چئیرمین نیب پر کیس کروں گا۔
بیرسٹر گوہر نے بشریٰ بی بی کی اینڈوسکوپی کی درخواست سے متعلق کہا کہ بشریٰ بی بی کے ٹیسٹ شوکت خانم اسپتال میں کروائے جائیں گے، ہم شوکت خانم اسپتال کی ٹیسٹ رپورٹ تسلیم کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پختونخوا سے سینیٹ الیکشن تک چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا الیکشن روکا جائے، سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر بیرسٹر علی ظفر ہوں گے۔
شہریار آفریدی کے بیان کی تائید
صحافی نے ان سے سوال کیا کہ شہریار آفریدی نے کل اجتماع میں کہا کہ ہماری صفوں میں منافقین اور سانپ موجود ہیں اور آج بھی عمران خان نے اعتراف کیا کہ پارٹی میں کچھ لوگ ایسے ہیں جن کے اسٹیبلشمنٹ سے رابطے ہیں، ایسے کون سے لوگ ہیں؟ جس کے جواب میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ شہریار آفریدی ہمارے بہت اچھے ورکر ہیں، ہمارے پاس ان کا بہت بڑا ریکارڈ ہے، انہوں نے بڑی قربانیاں دی ہیں اور ڈٹے رہے ہیں، وہ ہمارے لیڈر اور ہیرو ہیں، انہوں نے جو الفاظ کہیں ہیں تو ہم کوشش یہ کر رہے ہیں کہ پارٹی کے درمیان کی اگر کوئی بات کرنی ہے تو پارٹی کے پلیٹ فارم پر کریں، باہر ایسی باتیں کرنے کی ضرورت نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میرے پاس کوئی ایسا ثبوت نہیں ہے کہ کون لوگ (اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ) ملے ہوئے ہیں۔
اس موقع پر شیر افضل مروت نے کہا کہ شہریار آفریدی نے جس امیدوار کیلئے آواز اٹھائی ہے میں اس کی بالکل تائید کرتا ہوں، اس نے بالکل درست بات کی ہے، انہوں نے خرم ذیشان کیلئے آواز اٹھائی ہے اور خرم ذیشان کا نام ڈرافٹ کیا جانا خان کے فیصلے کی توہین ہے۔
شیرافضل مروت کا کہنا تھا پارٹی کے اندر کچھ لوگ ہیں جن کے ساتھ میری کھینچا تانی چل رہی ہے جو مجھے فرنٹ فٹ پر نہیں دیکھنا چاہتے، کھینچا تانی کرنے والوں کے ساتھ خود نمٹوں گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی رہنما شہریار آفریدی نے کوہاٹ کے جلسے میں دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ پارٹی کے اندر اس وقت کچھ منافق اور آستین کے سانپ موجود ہیں، چند لوگوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ اب تک خاموش ہوں، مجھے پھٹنے پر مجبور نہ کریں۔
انہوں نے کہا تھا کہ پارٹی میں پیراشوٹ سے آئے ہوئے لوگوں کو مسترد کرتے ہیں، جنہوں نے پیٹھ میں چھرے گھونپے ان کو پھر سے گلے لگانے نہیں دیں گے۔
Comments are closed on this story.