Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

اقوام متحدہ نے بھارت میں شفاف الیکشن کا مطالبہ کردیا، جے شنکر آگ بگولہ

اقوامِ متحدہ کیجری وال کی گرفتاری پر بھی بیان دے چکی ہے
اپ ڈیٹ 05 اپريل 2024 07:41pm

بھارت کے ’فائر برانڈ‘ وزیر خارجہ نے بھارت میں رواں ماہ منعقد ہونے والے انتخابات کو شفاف بنانے سے متعلق اقوام متحدہ کے بیان پر شدید ردِعمل کا مظاہرہ کیا ہے۔

جنوبی ریاست کیرالا کے دارالحکومت ترووننت پورم (تریویندرم) میں حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدوار کے لیے انتخابی مہم کے دوران ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ایس جے شنکر نے کہا کہ ہم اس بات کے پابند نہیں کہ اقوام متحدہ بھارت میں انتخابی عمل کو شفاف بنانے پر زور دے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان نے ایک حالیہ بیان میں کہا کہ امید ہے بھارت میں عوام کے سیاسی اور شہری حقوق کی پاسداری کی جائے گی اور آزاد و شفاف انتخابی عمل میں ہر شخص کو اپنی مرضی کے مطابق ووٹ کاسٹ کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

بھارتی وزیر خارجہ آج کل جنوبی ریاستوں میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدواروں کی انتخابی مہم میں شریک ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان کے ریمارکس پر ردِعمل انہوں نے کابینہ میں اپنے ساتھی اور بی جے پی کے امیدوار برائے لوک سبھا راجیو چندر شیکھر کی انتخابی مہم کے دوران دیا۔

ایس جے شنکر کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے افسر نے گزشتہ ہفتے پریس بریفنگ کے دوران بھارتی عام انتخابات سے متعلق ایک بہت ہی ’لوڈیڈ‘ سوال کا جواب دیتے ہوئے یہ ریمارکس دیے تھے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفین ڈجارک سے پریس بریفنگ کے دوران بھارتی انتخابات سے قبل دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی گرفتاری اور عدالتی کارروائی اور حزب اختلاف کی جماعت کانگریس کے بینک اکاؤنٹس منجمد کیے جانے پر پیدا ہونے والے سیاسی عدم استحکام سے متعلق پوچھا گیا تھا۔

میڈیا سے گفتگو میں ایس جے شنکر کا کہنا تھا کہ بھارت کے عوام ہی انتخابات کی شفافیت یقینی بنائیں گے۔ کسی کو اس حوالے سے فکرمند ہونے کی ضرورت نہیں۔

Indian Foreign Minister

S JAISHANKAR

FREE AND FAIR ELECTION

UN BRIEFING

SPOKESPERSON OF UN SECRETARY GENERAL