Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پشاور میں عید کی تیاریاں، خواتین میں کُھسّے زیادہ مقبول

روایتی و جدید ڈیزائنز کی ورائٹی دستیاب، دکان دار کہتے ہیں سستے ہونے کی بدولت کُھسّے زیادہ بک رہے ہیں
شائع 04 اپريل 2024 02:09pm

ملک کے دوسرے حصوں کی طرح پشاور میں بھی عید کی تیاریاں نقطہ عروج پر پہنچتی دکھائی دے رہی ہیں۔ پشاور کے بازاروں میں زبردست گہماگہمی ہے۔ کیا مرد اور کیا خواتین، کیا بچے اور کیا بوڑھے سبھی عیدالفطر کی خوشیاں دوبالا کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ رنگینی کا اہتمام کر رہے ہیں۔ ملبوسات پر تو زور ہے ہی، جوتوں، چوڑیوں اور زیورات بھی توجہ سے محروم نہیں۔

پشاور میں خواتین روایت کو اپناتے ہوئے دیدہ زیب کُھسّے خرید رہی ہیں۔ کڑھائی والے اور کندن کُھسّے خواتین میں زیادہ پسند کیے جارہے ہیں۔

ماہر کاری گروں نے کُھسّوں کے اندر روایت اور جدت کے حسین ملاپ کو فیشن کا حصہ بنادیا۔

خواتین کا کہنا ہے کہ شاندار اور جاذبِ نظر ڈیزائن کی بدولت سارے ہی کُھسّے دل کش دکھائی دیتے ہیں۔ جی چاہتا ہے کہ لباس سے میچنگ نہ ہو تب بھی خرید لیے جائیں۔

کُھسّوں کے کاروبار سے وابستہ دکان داروں کا کہنا ہے کہ سینڈلز، چپل اور جوتیوں کے مقابلے میں کُھسّوں کی قیمت کم ہے اس لیے یہ خواتین میں زیادہ مقبول ہیں۔

عید ایک ایسا تہوار ہے جس میں خواتین فیشن ٹرینڈز کے ساتھ روایت کو بھی اپناتی ہیں۔ ایسے میں عید کے ملبوسات کے ساتھ کُھسّے پہننے کی روایت بھی مقبول ہے۔

EID SHIPPING

PESHAWAR MARKETS

KHUSSEY IN FASHION