ٹیکس چوری میں ملوث سگریٹ انڈسٹری کے خلاف کریک ڈاون، کروڑوں سگریٹس بنانے لائق سامان ضبط
آزاد کشمیر حکومت نے ٹیکس چوری میں ملوث سگریٹ انڈسٹری کے خلاف کریک ڈاون تیز کرتے ہوئے لاکھوں کلو خام تمباکو اور کروڑوں سگریٹ کی تیاری کا سامان ضبط کرلیا۔
پولیس اور ایکسائز و ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کی مشترکہ ٹیموں نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے میرپور اور بھمبر میں ٹیکس چوری میں ملوث سگریٹ فیکٹریوں کے خلاف کارروائیاں کیں۔
کریک ڈاؤن میں نیشنل ٹوبیکو کمپنی، والٹن ٹوبیکو اور چنار ٹوبیکو کمپنی کے خلاف کارروائی کی گئی۔
بھمبر میں نیشنل ٹوبیکو کمپنی کے گودام پرچھاپے کے دوران 3 لاکھ 84 ہزار کلو سے زائد خام تمباکو ضبط کیا گیا، جبکہ برنالہ میں فیکٹری پر چھاپے کے دوران غیر قانونی سگریٹ کے 10 کارٹن ضبط کئے گئے۔
اس کے علاوہ 10 کروڑ سگریٹ سٹکس کی تیاری کے لیے 10 تمباکو بیگ، 19 سگریٹ پیپر رول بھی ضبط کئے گئے۔
برنالہ میں چنار ٹوبیکو فیکٹری پر چھاپے کے دوران 731 تمباکو بیگ ضبط کیے گئے۔
نیشنل ٹوبیکو کمپنی کے لیے کرایہ پر لیے گئے گھر پر چھاپے کے دوران 85 کارٹن فلٹر راڈ کے ضبط کیے گئے، چھاپے میں 67 کارٹن سگریٹ پیپر، 17 کارٹن غیر قانونی سگریٹ کے قبضے میں لے لئے گئے۔
اس کے علاوہ 16 کارٹن سگریٹ ٹیپ، 10 ہزار کلو تمباکو سمیت بھاری مقدار میں خام مال بھی ضبط کر لیا گیا۔
آزاد کشمیر کی سگریٹ فیکٹریوں میں ابھی تک ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کا نفاذ رکا ہوا ہے، سگریٹ انڈسٹری میں ٹیکس چوری سے آزاد کشمیر حکومت کو سالانہ اربوں کا نقصان ہو رہا ہے، فیکٹریوں میں غیر قانونی سگریٹوں کو تیاری کے بعد پنجاب سمگل کیا جاتا ہے۔
Comments are closed on this story.