Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

شیر افضل مروت نے کارکن کو تھپڑ مار دیا

کارکن کو نہیں اپنے گارڈ کو تھپڑ مارا تھا، شیر افضل مروت کی وضاحت
اپ ڈیٹ 01 اپريل 2024 10:42am
Sher Afzal Marwat slapped the worker during PTI rally - Aaj News

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شیر افضل مروت نے مبینہ طور پر کارکن کو تھپڑ مار دیا، واقعہ کی ویڈیو وائرل ہوگئی، تاہم شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ کارکن کو نہیں اپنے گارڈ کو تھپڑ مارا تھا۔

پشاور میں پی ٹی آئی کی اتوار کو نکالی گئی ریلی میں شیر افضل مروت کارکنوں میں پھنس گئے تھے۔

ریلی میں دھکم پیل کے باعث پی ٹی آئی رہنما غصے میں آگئے تھے، اور اس دوران برابر میں کھڑے بظاہر کارکن نظر آنے والے شخص کو تھپڑ رسید کردیا تھا۔

شیر افضل مروت نے گزشتہ روز کے واقعہ کی وضاحت کرتے ہوئے کارکن کو تھپڑ مارنے کی تردید کرتے ہوئے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ انھوں نے اپنے گارڈ کو تھپڑ مارا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میرا گارڈ ورکرز کو میرے پاس آنے پر دھکے دے رہا تھا، گارڈ کو میں نے منع کیا کہ مجھے نہ کھینچے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لئے اتوار کو پشاور پریس کلب سے پشاور ہائی کورٹ تک ریلی نکالی تھی۔

ریلی میں رہنماؤں کے خطاب کے دوران شدید بدنظمی دیکھنے میں آئی تھی، بیرسٹرگوہر، شیر افضل مروت کو تقریر کے لئے مائیک دینے کے لئے منتیں کرتے رہے، عمرایوب بھی شیر افضل مروت سے مائیک لینے میں ناکام رہے تھے۔

بیرسٹرگوہر کی تقریر کے دوران فیصل جاوید اور شیرافضل مروت نے دوبارہ تقریر شروع کردی تھی، تقریر کا موقع نہ دینے پر بیرسٹر گوہر تقریر پورے کیے بغیر واپس روانہ ہوگئے تھے۔

یہ بھی دیکھا گیا کہ بدنظمی کے باعث عمر ایوب بھی ایک منٹ تک تقریر نہ کرسکے تھے۔

pti

Sher Afzal Marwat