Aaj News

ہفتہ, نومبر 16, 2024  
13 Jumada Al-Awwal 1446  

بابر اعظم کو ایک بار پھر پاکستان کرکٹ ٹیم کا کپتان بنادیا گیا

بابراعظم کی قیادت میں پاکستان تاحال کوئی بڑا ایونٹ جیتنے میں ناکام رہا
اپ ڈیٹ 31 مارچ 2024 02:15pm
تصویر —  سوشل میڈیا
تصویر — سوشل میڈیا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بابر اعظم کو ایک بار پھر وائٹ بال فارمیٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کا کپتان بنا دیا تاہم بابراعظم کی قیادت میں پاکستان تاحال کوئی بڑا ایونٹ جیتنے میں ناکام رہا۔

گزشتہ کئی دنوں سے بابر اعظم کو قومی ٹیم کا کپتان بنائے جانے کی خبریں گردش کر رہی تھیں تاہم اب کرکٹ بورڈ نے اس حوالے سے باضابطہ اعلان کردیا ۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے شاہین شاہ آفریدی کو ہٹا کر بابر اعظم کو ایک بار پھر قومی وائٹ بال کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کرنے کا باقاعدہ اعلان کردیا۔

پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے بابر اعظم کی دوبارہ تقرری کا اعلان ٹوئٹ کے ذریعے کیا جس میں کہا گیا کہ بابر اعظم کو قومی سلیکشن کمیٹی کی متفقہ سفارش پر ٹی20 اور ون ڈے فارمیٹ میں گرین شرٹس کی قیادت دوبارہ سونپی گئی۔

بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ 2023 میں قومی ٹیم کی ناقص پرفارمنس پر بابر اعظم کی قیادت پر سوالات اٹھے تھے اور گذشتہ برس نومبر میں بابر اعظم تینوں فارمیٹ کی قیادت سے سبکدوش ہوگئے تھے۔

شاہین شاہ آفریدی کو قومی ٹی ٹونٹی ٹیم جبکہ شان مسعود کو ٹیسٹ کی کمان سونپ دی گئی تھی جبکہ شان مسعود کی قیادت میں کینگروز کے دیس میں ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ نیوزی لینڈ کی سرزمین پر شاہین شاہ آفریدی الیون کو ٹی 20 سیریز میں چار ایک سے ناکامی کا سامنا رہا۔

شاہین آفریدی کی قیادت میں 2 بار کی چیمپیئن لاہور قلندرز کوپی ایس ایل 9 میں خراب ترین کارکردگی رہی اور پوائنٹس ٹیبل پر آخری پوزیشن پر رہی، ان پرفارمنسز کو دیکھتے ہوئے پی سے بی نے وائٹ بال کی قیادت دوبارہ بابر اعظم کو دے دی۔

واضح رہے کہ بابر اعظم 52 ٹیسٹ، 117 ون ڈے اور 109 ٹی 20 میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں جبکہ انہیں ٹی 20 ورلڈ کپ سمیت 71 ٹی 20 میچز میں پاکستانی ٹیم کی کپتانی کا اعزاز حاصل ہے۔

بابراعظم کی کپتانی میں پاکستان نے 42 میچز جیتے اور گرین شرٹس کو23 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ذرائع کے مطابق قومی سلیکٹرز کا مشن کاکول کامیاب رہا اور انہوں نے شاہین آفریدی کو ہٹانے سے قبل اعتماد میں لیا اور پھر بابر اعظم کو وائٹ بال کی قیادت سنبھالنے پر راضی کرلیا۔

babar azam

Shaheen Shah Afridi

PAKISTAN CRICKET BOARD (PCB)