Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

پاکستان آئی ایم ایف سے 7 سے 8 ارب ڈالر تک کا نیا قرض پروگرام ملنے کیلئے پُرامید

نئے پروگرام پر عمل درآمد کیلئے اپوزیشن جماعتوں سے گارنٹی کی ضرورت نہیں پڑے گی
شائع 30 مارچ 2024 05:31pm

عالمی مالیاتی فنڈ (ٓآئی ایم ایف) سے پاکستان کو 7 سے 8 ارب ڈالر تک کا نیا قرض پروگرام ملنے کی اُمید ہے، ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے کلائمیٹ فنانسنگ کے لئے مذاکرات کا بھی عندیہ دے دیا ہے، جبکہ قرض کے موجودہ دستیاب کوٹہ میں اضافے کی بھی توقع ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے پروگرام کے لئے درخواست آئندہ ماہ دی جائے گی، آئی ایم ایف سے باقاعدہ مذاکرات ایگزیکٹیو بورڈ میٹنگ کے بعد ہوں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف سے نئے تین سالہ قرض پروگرام کے لئے مذاکرات دو سے تین ماہ جاری رہنے کا امکان ہے، نئے مالی سال کا بجٹ بھی آئی ایم ایف کی شرائط کے مطابق تیار کرنا ہوگا۔

ذرائع نے کہا کہ بجلی گیس ٹیرف میں اضافہ، کاسٹ ریکوری اصلاحات، نئے ٹیکس اقدامات شرائط میں شامل ہیں، مہنگائی میں کمی آنے تک پالیسی ریٹ میں کمی نہ کرنے کی بھی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ آئی ایم ایف نے پاکستان کے ذمہ قرضوں کو پائیدار قرار دے دیا ہے، قرضوں کی ادائیگی کے لئے ایکسٹرنل فنانسنگ یقینی بنانا ہوگی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے نئے قرض پروگرام سے متعلق پی ٹی آئی کے تحفظات نظر انداز کردیے گئے ہیں جب کہ آئی ایم ایف پانچ سالہ مینڈیٹ لے کر آنے والی نئی مخلوط حکومت سے مذاکرات کے لئے پرعزم ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ماضی کے برعکس نئے پروگرام پر عمل درآمد کے لئے دیگر اپوزیشن جماعتوں سے گارنٹی کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

IMF

IMF PAKISTAN

IMF program

Climate Financing