Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

شام کے شہر حلب پر اسرائیلی فضائی حملہ، جاں بحق افراد کی تعداد 42 ہو گئی

اسرائیل نے لبنانی گروپ حزب اللہ کے میزائل ڈپو کو نشانہ بنایا، غیرملکی میڈیا
شائع 30 مارچ 2024 08:06am
فوٹو۔۔۔ فائل/روئٹرز
فوٹو۔۔۔ فائل/روئٹرز

اسرائیلی فوج نے غزہ کے ساتھ ساتھ شام پر بھی بمباری کرنا شروع کر دی، گزشتہ روز شام کے شہر حلب پر اسرائیلی فضائی حملوں میں جاں بحق افراد کی تعداد 42 ہو گئی۔ غیرملکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل نے لبنانی گروپ حزب اللہ کےمیزائل ڈپو کو نشانہ بنایا۔

وائس آف امریکا نے شامی وزارتِ دفاع کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسرائیلی طیاروں نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب 2 بجے کے قریب حلب کے نواحی علاقے میں حملے کیے اور اس کارروائی کے جواب میں حلب کے نواحی علاقے سے ڈرون حملے بھی ہوئے۔

حملے کے بعد شام کی وزارتِ دفاع نے اموات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسرائیل اور حزب اللہ کی جانب سے کی جانے والی کارروائی میں متعدد شہری اور فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔

وزارتِ دفاع نے اپنے بیان میں یہ واضح نہیں کیا تھا کہ اموات اسرائیل کی فضائی کارروائی کے نتیجے میں ہوئیں یا لبنانی تنظیم حزب اللہ کی کارروائی کا نتیجہ ہیں۔ لیکن تاثر یہی پایا جاتا ہے کہ تمام اموات اسرائیلی حملوں سے ہوئیں۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق دو مختلف سکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ اسرائیل کی فضائی کارروائی میں عسکری تنظیم حزب اللہ کے پانچ جنگجو بھی مارے گئے ہیں۔

Syria

israeli air strikes

Gaza War