Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

پنجاب خیبر پختونخواہ اور کشمیر میں بارش و ژالہ باری، پہاڑوں پر برف باری

لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ، پشاور میں چھت گرنے سے خاتون اور دو بچے زخمی
شائع 30 مارچ 2024 07:27am
ژالہ باری سے گندم کی فصل متاثر ہونے کا خدشہ ہے فوٹو فائل
ژالہ باری سے گندم کی فصل متاثر ہونے کا خدشہ ہے فوٹو فائل

ملک کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھاربارش کی انٹری، لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں برسات سے جل تھل ایک ہوگیا۔

خانیوال، کلورکوٹ، شورکوٹ، بھوانہ سمیت دیگر علاقوں میں بادل جم کر برسے، مختلف اضلاع میں ژالہ باری بھی ہوئی۔

اسلام آباد اور راولپنڈی میں تیزہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری، واسا سمیت دیگر ادارے کو الرٹ جاری کردیا گیا۔

پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی بادلوں نے گھن گرج دکھائی۔ دھواں دھار بارش کے باعث ورسک روڈ شیر کلے میں مکان کی چھت گرگئی، ملبے تلے دب کر خاتون اور دو بچے زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو ملبے سے نکال کر اسپتال منتقل کردیا گیا۔

آزاد کشمیر میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ مکڑا پہاڑ پر برفباری کے باعث بالائی علاقے سردی کی لپیٹ میں آگئے،جہلم ویلی، وادی نیلم میں بھی بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی۔

بارش کے باعث گندم کی تیار فصل کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر،بالائی پنجاب، اسلام آباد اور شمالی بلوچستان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے مزید بارش کا امکان ہے۔ پہاڑوں پر مزید برفباری بھی ہوسکتی ہے۔

کوئٹہ اور گردونواح میں تیز بارش اور ژالہ باری کے بعد سبی میں بھی اولے پڑے جس کے بعد موسم سرد ہوگیا۔ پی ڈی ایم اے نے بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں طوفان، گرج چمک کے ساتھ بارشیوں کا الرٹ جاری کررکھا ہے۔

محکمہ موسمیات نے ژوب زیارت، ہرنائی، کوئٹہ، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ اور دیگر کئی علاقوں میں بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔

rains

Weather Updates

Hailstorms