Aaj News

منگل, دسمبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Akhirah 1446  

کیا سمسن کارٹون نے کارگو جہاز کی پُل سے ٹکرانے کی پیشگوئی کی تھی؟

سمسن کارٹون کی اس پیشگوئی سے متعلق تصویر وائرل ہے
شائع 29 مارچ 2024 02:48pm
تصویر بذریعہ: سوشل میڈیا
تصویر بذریعہ: سوشل میڈیا

امریکی ریاست میری لینڈ کے معروف اور قدیم پُلوں میں سے ایک بالٹی مور برج تھا، جو کہ رواں ہفتے کارگو شپ کے ٹکرانے کے باعث منہدم ہو چکا ہے، تاہم اس پر سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اس حادثے کا تذکرہ بھی سمسن کارٹون میں موجود تھا۔

ایکس پر ایک صارف کی جانب سے تصویر اپلوڈ کی گئی تھی، ساتھ ہی سمسن کارٹون سے متعلق لکھنا تھا کہ ’سمسن ایک بار پھر درست ثابت ہوا‘۔

تصویر میں سمسن کارٹون کے کرداروں کو دیکھا جا سکتا ہے، سمسن حادثے پر ایک ہاتھ میں کافی کا مگ تھامے حیرانی اور تجسس کے ساتھ اسے تک رہا تھا۔

تصویر میں میری لینڈ کا بالٹی مور برج دکھایا گیا ہے، ساتھ ہی ’دالی‘ نامی کارگو شپ جو کہ ہو بہو ٹائیٹینک کی طرح ڈوبتا ہوا دکھ رہا ہے۔

جبکہ سمندر میں دیگر کارگو شپ کے پارٹس اور برج کے حصے پانی میں تیر رہے ہیں۔

تاہم اس تصویر کی حقیقت ایکس کے ’کمیونٹی نوٹس‘ نے کھول کر رکھ دی ہے۔ جس کے مطابق یہ تصویر ایک فیک تصویر ہے، جو کہ ڈیجیٹل دور کے مطابق بنائی گئی ہے۔

آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی مدد سے یہ تصویر بنائی گئی ہے، جس کا سمسن کارٹون سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ مزید بتایا گیا کہ اس سین کی پیشگوئی یا منظر کشی سمسن کارٹون میں نہیں دکھائی گئی ہے۔

دوسری جانب سمسن کارٹون میں عام طور پرسمسن کے بال بھی کان کے اوپر کچھ کم لمبائی کے ساتھ دکھائے گئے ہیں، تاہم اس تصویر میں بالوں کی لمبائی بڑھائی گئی ہے۔

واضح رہے امریکی شہر بالٹی مور کے مشہور فرانسس اسکاٹ پل سے ایک کارگو جہاز ٹکرا گیا تھا، جس کے نتیجے میں پل ٹوٹ کر دریا میں جا گرا۔

جس وقت پل ٹوٹا اس کے اوپر گاڑیاں چل رہی تھیں اور متعدد مسافروں سمیت دریا میں گر گئیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق واقعے میں متعدد گاڑیاں سمندر میں جا گریں اور مجموعی طور پر 20 افراد کے ڈوبنے کا خدشہ ہے۔

Prediction

BALTIMORE BRIDGE CALAMITY

BALTIMORE SHIP CALAMITY

simson cartoon

marryland