Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

آئی ایم ایف شرائط پاکستان کے حق میں ہیں، نئے پروگرام پر اپریل میں مذاکرات ہوں گے، وزیر خزانہ

پی آئی اے کے بعد ڈسکوز کی نجکاری کی طرف بڑھین گے، محمد اورنگزیب
اپ ڈیٹ 29 مارچ 2024 11:56am
فوٹو۔۔اسکرین گریب
فوٹو۔۔اسکرین گریب

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پی آئی اے کی پرائیویٹایزیشن کے نتائج اسٹاک مارکیٹ میں آرہے ہیں، اگلا پلان ڈسکوز کی پرائویٹائزیشن کی طرف جانا ہے، آئی ایم ایف کی کونسی ایسی شرط ہے جو پاکستان کے حق میں نہیں، اپریل میں نئے اور بڑے پروگرام پر آئی ایم ایف سے مذاکرات ہوں گے۔۔

کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں تقریب سے خطاب میں محمد اورنگزیب نے کہا کہ نگراں حکومت نے معیشت کی بہتری کیلئے اقدامات کئے، بہترمعاشی پالیسیوں کی بدولت معیشت مستحکم ہوگی۔

انھوں نے کہا کہ 14 اور 15اپریل کو آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات ہوں گے، عالمی مالیاتی فنڈ کے ساتھ مائیکرو اکنامک اسٹیبلٹی کو جاری رکھیں گے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ آئی ایم ایف کا کم سے کم 3 سال کا پروگرام چاہیے، کوشش ہو گی موجودہ مالی سال کے خاتمے سے پہلے عالمی مالیاتی فنڈ سے اسٹاف لیول معاہدے تک پہنچ جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ٹیکسز بڑھانے ہیں، ہمیں ایکسپورٹس میں اضافہ کرنا ہے، 3 کھرب روپے کی محصولات میں لیکج ہے، ان معاملات پر ہمیں فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے، خسارے والے اداروں کو ترجیحی بنیادوں پر نجکاری کی طرف لے جانا ہے۔

قومی ایئرلائنز کی بات کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ پی آئی اے کی پرائیویٹائزیشن کیلئے کام کررہے ہیں۔ ایئر پورٹس کی آؤٹ سورسنگ ایڈوانس مرحلے پر ہے، پی آئی اے درست ٹریک پر آجائے گا، تمام وزارتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا تب پی آئی اے میں بہتری آئےگی۔

محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ بہتر معاشی پالیسیوں کی بدولت جلد معیشت مستحکم ہوگی، اسٹاک مارکیٹ کا معاشی استحکام میں کلیدی کردار ہوتا ہے۔

مہنگائی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہاکہ رمضان میں مہنگائی کے نمبرز میں اضافہ ہوا، مگر مجموعی سطح پر مہنگائی کی شرح کم ہورہی ہے، امید ہے مہنگائی کی شرح میں کمی کے ساتھ ہی شرح سود میں کمی آئے گی۔

انہوں نے کہاکہ معیشت کی بحالی اور استحکام کیلئے نجی شعبے کا کردار اہم ہے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بہتر ہے، بینکنگ سیکٹر میں بہت بہتری آئی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نقصانات والےاداروں کی نجکاری کی پائپ لائن میں لائیں گے، بزنس کمیونٹی کے ساتھ رابطے میں ہیں، ہم نے حکومتی اخراجات کو کم کرنا ہے۔

واضح رہے کہ جمعہ کو وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی خصوصی گونگ کا اہتمام کیا گیا تھا۔

جمعہ کو پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں کاروبار کا مثبت آغاز ہوا۔ 100انڈیکس 150پوائنٹس اضافے سے 67 ہزار 290 کی بلند سطح پر پہنچا۔

چینی ڈائریکٹر کا تقریب سے خطاب

کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے چینی ڈائریکٹر یوہینگ نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوویڈ میں معاشی صورتحال چیلنجنگ بنی، وزارت خزانہ اچھا کام کررہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ وزیر خزانہ کی جانب سے مرتب ہونے والی پالیسی اچھی ہے، امید ہے پاکستانی معیشت جلد بہتری کی طرف گامزن ہوگی۔

سی ای او اسٹاک ایکسچینج فرخ خان کا تقریب سے خطاب

فرخ خان نے کہا کہ ہم نے حکومت سے کبھی سبسڈی کا نہیں کہا، پی ایس ایکس کا شمار ڈاکومنٹڈ اکنامی سیکٹر میں ہوتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ نے پچھلے 3 سالوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ہم نےای ٹی ایف متعارف کرایا، ہم نےکیپیٹل مارکیٹ میں سرمایہ کاری کو بڑھانے کےلئے بہت سے پرکشش سہولتیں فراہم کی، ہم نے پی ایس ایکس میں جدید ٹریڈنگ سسٹم متعارف کرایا۔

economic crisis

Finance Ministry

IMF PAKISTAN

Special Investment Facilitation Council (SIFC)