Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ڈکیتی مزاحمت پر شہر قائد میں رمضان المبارک کے دوران 7 افراد جاں بحق

رواں سال ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 47 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں
اپ ڈیٹ 28 مارچ 2024 11:05pm

شہر قائد میں اسٹریٹ کرائم رک نہ سکے، رمضان المبارک میں بھی اسٹریٹ کرائم کی مختلف وارداتوں میں 7 شہری جان سے گئے۔

14 مارچ کو تھانہ پاکستان بازار اورنگی ٹاون میں گھر کے باہر دوران ڈکیتی فائرنگ سے فرحان جان کی بازی ہار گیا، قتل کا مقدمہ پاکستان بازار میں مقتول کے بھائی زیشان کی مدعیت میں درج ہوا۔

اہلخانہ کے مطابق فرحان نے بھی اپنا لائسنس یافتہ پستول نکال لیا تھا، جسے دیکھتے ہی ایک ملزم نے فائرنگ کردی موٹر سائیکل سوار ملزمان فرحان کا پستول بھی لیکر فرار ہوئے پاکستان بازار پولیس نے واقعے کو دشمنی کا شاخسانہ قرار دیا تھا، مقتول فرحان پاکستان سول ڈیفینس ادارے سے وابستہ اور فوٹوگرافر تھا۔

دوسرا واقعہ 16 مارچ کو پیش آیا، عزیز بھٹی عیسی نگری میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے دو افراد زخمی ہو گئے تھے جن میں سے ایک زخمی نوجوان فرحان ولد فرید دم توڑ گیا تھا۔

تیسرا واقعہ 21 مارچ کو تھانہ سچل کی حدود میں پیش آیا، نوجوان انجینیئر شعیب شفقت کو دوران لوٹ مار ڈاکو نے گولی مار دی تھی، پولیس کے مطابق مقتول خالہ کے گھر افطار کرنے آیا۔

پولیس حکام نے دعوی کیا کہ نوجوان کے قتل میں ملوث دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔

چوتھا واقعہ بھی 21 مارچ کو ہی پاکستان بازار تھانے کی حدود پیش آیا، جس میں اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ کرسچن محلے میں موٹرسائیکل سوار ملزمان نے مزاحمت پر اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے اختر مسیح کو قتل کر دیا۔

مقتول کے بھائی اکرم کا کہنا ہے بھائی گھر کے باہر بیٹھا موبائل فون استعمال کر رہا تھا کہ ڈاکو آگئے فون چھینا اور بھائی کو گولیاں مار دیں۔

پانچواں واقعہ 24 مارچ کوتھانہ بلال کالونی نیوکراچی سیکٹر فائیو کے میں پیش آیا، فوم کی دکان پر واردات کےدوران دو ملزمان نے مزاحمت کرنے پر فائرنگ کرکے25 سالہ دکاندار کو قتل کردیا۔

چھٹا واقعہ 25 مارچ کوتھانہ سرجانی ٹاون کی حدود میں پیش آیا، فائرنگ سے نوجوان محمد زوہیب جاں بحق ہو گیا، فائرنگ کا واقعہ ڈکیتی مزاحمت کے دوران پیش آیا۔

ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق مقتول اپنے ماموں کے گھر افطار پر آیا تھا۔افطار کے بعد واپس جا رہا تھا کہ ڈاکوؤں نے روکنے کی کوشش کی ڈاکوؤں نے مقتول پر ایک فائر کیا جو اسکے سینے پر لگا۔

ساتواں واقعہ جمعرات 28 مارچ کو پیش آیا، کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں دن دہاڑے ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے 50 سالہ نازیہ انجم کو موت کی نیند سلا دیا۔

واضح رہے کہ رواں سال ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 47 ہو گئی ہے۔

karachi

Karachi Police

Karachi Street Crimes

Karachi Firing