Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

دہلی کے وزیر اعلیٰ کل ہائی کورٹ میں کیا بتانے والے ہیں؟

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو 250 چھاپوں میں کچھ نہیں ملا، اہلیہ سنیتا کی پریس کانفرنس
شائع 27 مارچ 2024 03:35pm

دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی اہلیہ سنیتا نے کہا ہے کہ کل (جمعرات کو) عدالت میں اُن کے شوہر دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کردیں گے۔

ایک پریس کانفرنس میں سنیتا کیجریوال نے کہا کہ ان کے شوہر عدالت میں بتادیں گے کہ شراب کے گھوٹالے میں سیکڑوں کروڑ روپے کس کس کی جیب میں گئے۔

دہلی کے وزیر اعلیٰ، بظاہر مرکز کی مودی سرکار کی ایما پر، مرکزی تفتیشی ادارے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی تحویل میں ہیں۔ اروند کیجریوال پر شراب سے متعلق قانون بدلنے کے عوض 100 کروڑ کی رشوت اور پھر شراب کی فروخت سے ہونے والی آمدنی سے مزید 500 کرڑ روپے وصول کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

دہلی میں اروند کیجریوال کے گھر چھاپے کے دوران انفورسمنٹ بیورو کو صرف 70 ہزار روپے ملے تھے جو بعد میں پارٹی کے حوالے کردیے گئے۔

بدھ کو شوہر سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سنیتا کیجریوال کا کہنا ہے کہ کل جب اُن کے شوہر دہلی ہائی کورٹ کے رو بہ رو پیش ہوں گے تو تمام حقائق بیان کردیں گے اور ثبوت بھی فراہم کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے اب تک 250 چھاپے مارے ہیں مگر اُسے کچھ بھی نہیں ملا۔

اینفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے اروند کیجریوال کو 21 مارچ کو گرفتار کیا تھا۔ اس گرفتاری کے نتیجے میں دہلی کے بہت سے علاقوں میں صورتِ حال کشیدہ ہوگئی کیونکہ عام آدمی پارٹی کے کارکنوں نے سڑکوں پر آکر احتجاج کیا، متعدد علاقوں میں ٹریفک جام کیا اور وزیر اعظم ہاؤس تک مارچ کی دھمکی بھی دی۔ اروند کیجریوال عام آدمی پارٹی کے کنوینر ہیں۔

Arvind Kejriwal

CHIEF MINISTER OF DELHI

LIQOUR SCAM

600 CRORES

SUNITA KEJRIWAL PRESS CONFERENCE