Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

کور کمیٹی میں کوئی ہاتھا پائی نہیں ہوئی، عمران خان واپس آئے تو پارٹی پھر کھڑی ہوجائے گی، ہمایوں مہمند

پی ٹی آئی میں اب نئے لوگ آئے ہیں، اور نئے لوگ آگے بڑھنے کی کوشش کرتے ہیں، سینیٹر ہمایوں مہمند
شائع 26 مارچ 2024 09:43pm
Battle of leadership, intensity of internal differences in PTI!| Rubaroo | Aaj News

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سینیٹر ہمایوں مہمند کا کہنا ہے کہ کور کمیٹی اجلاس میں کوئی ہاتھا پائی نہیں ہوئی۔

آج نیوز کے پروگرام ”روبرو“ میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر ہمایوں مہمند نے گزشتہ روز پی ٹی آئی کے کور کمیٹی اجلاس میں شیر افضل مروت اور نیاز اللہ نیازی کے درمیان جھگڑے کی خبروں پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’چھوٹی موٹی چیزیں ہوتی رہتی ہیں، ہاتھا پائی نہیں ہوئی‘۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان صاحب جب تھے تب بھی یہ چیزیں ہوتی تھیں لیکن وہ کنٹرول کر لیتے تھے، لیکن جب گھر کا بڑا نہ ہو تو اوپر تلے کے جو بھائی ہوتے ہیں ان کے درمیان اخلتاف رائے ذرا زیادہ سخت ہوجاتی ہے۔

سینیٹر ہمایوں مہمند نے کہا کہ ہمیں اس چیز کو ہینڈل کرنا ہوگا، یہ آسان کام نہیں ہے، لیکن ناممکن بھی نہیں ہے۔

ہمایوں مہمند نے کہا کہ ’تین چار مہینے میں خان صاحب ویسے ہی باہر آجائیں تو چیزیں سیٹل ہوجائیں گی‘۔

پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما نہال ہاشمی نے کہا کہ ملکی سیاست میں نوٹ پرست لوگ آگئے ہیں، موقع پرستی کی سیاست سیاست نہیں ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا عدالتی نظام بھی غیرمؤثر ہوگیا ہے، فوجی عدالتی خاص حالات میں استعمال ہوتی ہیں۔

جس پر پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ندیم افضل چن نے کہا کہ پیسے کی بنیاد پر سیاست نہیں ہونی چاہئے، کئی سیاسی لوگ پی ٹی آئی چھوڑ چکے ہیں، پی ٹی آئی میں اب نئے لوگ آئے ہیں، اور نئے لوگ آگے بڑھنے کی کوشش کرتے ہیں۔

ندیم افضل چن کی بات کے جواب میں نہال ہاشمی نے لقمہ دیا کہ پی ٹی آئی میں نئے لونڈے لپاڑے آئے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما ہمایوں مہمند نے نہال ہاشمی اور ندیم افضل چن کی بات کے جواب میں کہا کہ چھانگا مانگا اور مری میں پیسوں کی سیاست کی گئی، سندھ ہاؤس میں بھی پیسے کی سیاست ہوچکی ہے، ن لیگ نے پیپلز پارٹی کے خلاف غلیظ ترین مہم چلائی تھی۔

ہمایوں مہمند نے سوال کیا کہ پی ٹی آئی چھوڑنے والے آج کہاں ہیں؟ پی ٹی آئی چھوڑنےوالوں کی سیاست ختم ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی جیل سے واپس آئے تو پارٹی پھر کھڑی ہوجائے گی۔

Nadeem Afzal Chan

Humayun Mohmand

Nihal Hashmi