Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

فوج کے زیر سایہ ٹریننگ سے قبل قومی کرکٹرز کی مسجد نبوی ﷺ میں افطار

کاکول میں بین الاقوامی کھلاڑیوں کے فٹنس لیول کا ٹیسٹ کیا جائے گا
شائع 26 مارچ 2024 06:47pm

پاکستانی ٹیم کے متعدد کرکٹرز رمضان کے مقدس مہینے میں مسجد نبوی ﷺ میں روزہ افطار کر چکے ہیں، قومی کرکٹرز کے مسجد نبوی ﷺ میں روزہ افطار کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہے۔

ویڈیو میں آل راؤنڈر افتخار احمد کے ساتھ فاسٹ باؤلر نسیم شاہ، کپتان بابر اعظم اور ون ڈے اسپیشلسٹ امام الحق کو دیکھا جاسکتا ہے جو ایک قطار میں بیٹھے تھے۔

افتخار احمد کالے رنگ کی شلوار قمیض میں ملبوس تھے جبکہ نسیم نے نیلا جوڑا پہن رکھا تھا، اسی طرح امام نے بھی سیاہ لباس پہنا ہوا تھا جبکہ بابر نیلے جوڑے میں ملبوس تھے۔

قومی کرکٹرز پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں تربیتی کیمپ سے قبل مسجد نبوی ﷺ پہنچے تھے، کاکول میں بین الاقوامی کھلاڑیوں کے فٹنس لیول کا ٹیسٹ کیا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے منگل کو کاکول، ایبٹ آباد میں شروع ہونے والے فٹنس کیمپ کے لیے 29 کھلاڑیوں کا اعلان کیا ہے۔

قومی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو کاکول میں تربیتی کیمپ سے پہلے آج رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جو اپریل میں نیوزی لینڈ کے خلاف ان کی ہوم سیریز سے قبل کھلاڑیوں کی فٹنس کو بڑھانے کے لیے لگایا گیا ہے۔

پی سی بی نے آرمی ٹریننگ کیمپ کے لیے 29 کھلاڑیوں کے نام پیش کیے ہیں جن میں کچھ غیر متوقع انتخاب ہیں۔

بورڈ پاکستان آرمی کے تعاون سے اس کیمپ کا انعقاد کر رہا ہے جس کا مقصد کھلاڑیوں کو آئندہ سیریز اور ٹورنامنٹس کے لیے تیار کرنا ہے، جس میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم ٹی ٹوئنٹی سیریز، آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز اور امریکا میں ہونے والے آئی سی سی ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ سمیت ویسٹ انڈیز کے ساتھ سیریز شامل ہے۔

کیمپ 26 مارچ کو شروع ہو کر 8 اپریل کو اختتام پذیر ہو گا اور کیمپ کا فوکس ٹیم کی تیاری پر ہو گا تاکہ کھلاڑیوں کی جسمانی اور ذہنی طاقت کو بڑھایا جا سکے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ وہ اس سال آنے والے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے بہترین حالت میں ہوں۔

Masjid e Nabwi

Iftar

PAKISTANI CRICKETERS