Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

دشمن کو حملے کا سخت جواب دیا جائے گا، وزیراعظم اور وفاقی وزیر داخلہ چینی سفارتخانے پہنچ گئے، شہباز شریف کا دورہ چین بھی متوقع

حملے میں ملوث عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے، محسن نقوی کی چینی سفیر کو یقین دہانی
اپ ڈیٹ 26 مارچ 2024 07:51pm

خیبرپختونخواہ میں دہشت گرد حملے میں پانچ چینی انجیئنرز کی ہلاکت کے بعد وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی چینی سفارت خانے پہنچ گئے اور چینی سفیر سے ملاقات کی۔ کچھ دیر بعد وزیراعظم شہباز شریف بھی چینی سفارتخانے پہنچے۔

وزیر داخلہ نے چینی سفیرکودھماکے کی تمام تفصیلات اور جانی نقصان کے بارے آگاہ کیا اورجائے وقوعہ پرجاری ریسکیو آپریشن پر بھی چینی سفیر کو تفصیلات بتائیں۔

وزیر داخلہ نے شانگلہ میں دہشت گرد حملے میں چینی شہریوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا۔

انہوں نے کہاکہ چینی شہریوں پر حملےکی جتنی بھی مذمت کی جائےکم ہے، دشمن نےدوست ملک کےشہریوں کو نشانہ بنایا، یہ حملہ چینی شہریوں پر نہیں بلکہ پاکستان پر ہے، دشمن کو اس حملے کا سخت جواب دیا جائے گا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پوری پاکستانی قوم اپنے چینی بھائیوں کے غم میں برابر کی شریک ہے،واقعہ کی جامع تحقیقات کو یقینی بنا کر اس میں ملوث عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے،پاکستان اور چین کے درمیان برادرانہ تعلقات پر حملہ ناقابل برداشت ہے، ان عظیم دو طرفہ تعلقات کو متاثر نہیں ہونے دیں گے۔

کچھ دیر بعد وزیراعظم شہباز شریف شہباز شریف چینی سفارتخانے پہنچ گئے۔ وزیراعظم کے ساتھ وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر خارجہ اسحاق ڈار اورعطا تارڑ بھی تھے۔

وزیراعظم نےچینی سفیرسےبشام واقعے پردکھ اورافسوس کااظہار کیا۔ انہوں نے دہشتگردی واقعے کے بعد کی صورتحال اور چینی باشندوں اورانجینیرز کی سیکیورٹی پر تفصیلی مشاورت کی۔

چینی سفارتخانے کے دورہ کے بعد وزیراعظم نے ٹوئٹ بھی کیا۔

وزیراعظم نے ٹوئٹ میں لکھا کہ میں نے آج چینی سفارتخانے کا دورہ کیا اور چین سے دہشتگردی کے گھناونے فعل پر اظہار تعزیت بھی کی، ہماری دعائیں متاثرین کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔

خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کا آئندہ ہفتے بیجنگ کا دورہ متوقع ہے، وزارت عظمیٰ سنبھالنے کے بعد یہ وزیراعظم کا پہلا دورہ ہوگا۔

terrorist attacks

mohsin naqvi

CHINESE PREMIER

Bisham attack