Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

تربت: پاک بحریہ کے پی این ایس صدیق بیس پر حملہ ناکام، 4 دہشت گرد ہلاک

ایف سی اہلکار شہید۔ ڈی آئی خان میں بھی 4 دہشت گرد مارے گئے
اپ ڈیٹ 26 مارچ 2024 10:52am
فوٹو۔۔۔فائل
فوٹو۔۔۔فائل

تربت میں پاک بحریہ کے پی این ایس صدیق بیس پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنادیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مسلح افواج کے فوری اور بھرپور جواب سے 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ دوسری طرف خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل (ڈی آئی) خان میں فورسز کے آپریشن میں بھی 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

تربت حملہ ناکام بنانے کی تفصیلات بتاتے ہوئے آئی ایس پی آر نے کہا کہ دہشت گردوں نے 25 اور 26 مارچ کی درمیانی شب تربت میں پاک بحریہ کی بیس، ”پی این ایس صدیق“ پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق سکیورٹی اہلکاروں کی طرف سے حملہ کو مؤثر جوابی کارروائی کے ذریعہ ناکام بنایا گیا۔

انھوں نے مزید بتایا کہ سکیورٹی کے جوانوں نے بحریہ اثاثوں کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنایا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مشترکہ کلیئرنس آپریشن کو یقینی بنایا گیا، علاقے میں کلیئرنس آپریشن کیا جا رہا ہے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق بحری دستوں کی مدد کے لیے سکیورٹی فورسز کو متحرک کردیا گیا ہے۔ مسلح افواج ملک سے دہشت گردی کی لعنت ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔

وزیر اعظم کا فورسز کو خراج تحسین پیش

وزیراعظم شہبازشریف نے تربت نیول ائیر بیس پر دہشتگرد حملہ ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے دہشتگرد جہنم واصل ہوئے اور ہم ایک بڑے نقصان سے بچ گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم دہشت گردی کی عفریت کو کچلنے کیلئے پرعزم ہیں، پوری قوم اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں سلام پیش کرتی ہے۔

تربت کے علاوہ ڈی آئی خان میں بھی فورسز کے آپریشن میں 4 دہشت گرد ہلاک

خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل (ڈی آئی) خان میں فورسز کے آپریشن میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان ضلع میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا۔

آپریشن دہشت گردوں کی مبینہ موجودگی کی اطلاع پر انٹیلیجنس بنیادوں پر کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلہ میں 4 دہشت گرد ہلاک کردئیے گئے۔

مارے جانے والوں میں دہشت گرد مصطفیٰ، قسمت اللہ اور اسلام الدین بھی شامل تھے۔ ہلاک دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف بہت سی دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ دہشت گرد شہریوں کو مارنے میں بھی ملوث تھے، دہشت گردوں سے ہتھیار، گولیاں اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مقامی شہریوں نے آپریشن کا خیر مقدم کیا، علاقے میں سینسیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ کسی ممکنہ دہشت گرد کا خاتمہ کیا جاسکے، سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کے خاتمہ کے لئے پرعزم ہیں۔

pakistan army

security forces operation

Pakistan Law and order situation