Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

چھوٹے تاجروں سے ٹیکس وصولی، شہروں کا انتخاب سیاسی بنیادوں پر کیا گیا

اسکیم کے پہلے مرحلے کا آغاز ہوگیا، ذرائع
شائع 26 مارچ 2024 07:28am

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں میں تاجر دوست اسکیم 2024 کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کردیا ہے جسے بعد میں دیگر شہروں تک بڑھایا جائے گا۔

بزنس ریکارڈر نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ اسکیم کے پہلے مرحلے کا آغاز کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ میں کیا گیا ہے۔ بعد ازاں یہ اسکیم فیصل آباد سمیت باقی شہروں میں بھی لاگو کی جائے گی۔

ٹیکس ماہرین نے بزنس ریکارڈر سے بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ شہروں کے انتخاب کا معیار سیاسی بنیادوں پر طے ہوتا دکھائی دیتا ہے، متعلقہ شہروں کو سیاسی بنیادوں پر نوٹیفائی کیے جانے کا تاثر مل رہا ہے، کیونکہ فیصل آباد اور سیالکوٹ جیسے سب سے زیادہ معاشی سرگرمیوں والے بڑے شہروں کو نظر انداز کیا گیا ہے جہاں تھوک فروشوں، ڈیلرز اور خوردہ فروشوں کی ایک بڑی تعداد کام کر رہی ہے۔

دارالحکومت نہ ہونے کے باوجود راولپنڈی کو پہلے مرحلے میں شامل کرنے کے حوالے سے جب سوال کیا گیا تو ذرائع نے بتایا کہ جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی کو الگ نہیں کیا جا سکتا اور اس طرح ملحقہ شہروں کے نام اسکیم کی نوٹیفائیڈ لسٹ میں شامل کر دیے گئے ہیں۔

تاجر دوست اسکیم 2024ء کا اطلاق کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ اور راولپنڈی کی چھاؤنیوں سمیت علاقائی سول حدود میں واقع دکانوں، اسٹور، گودام، دفتر یا اسی طرح کے مقامات پر کاروبار کی ایک مقررہ جگہ کے ذریعے کام کرنے والے تاجروں اور دکانداروں پر کم از کم ایڈوانس ٹیکس کی رجسٹریشن اور ادائیگی کے لیے ہوگا۔

economic crisis

FBR

Advance Tax