Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پشاور کے عوامی پارکس میں مفت وائی فائی سہولت فراہم کرنےکافیصلہ

وزیر اعلٰی کے پی کے کا معاملات کوحتمی شکل دے کر منظوری کیلئے پیش کرنے کی ہدایت
شائع 25 مارچ 2024 10:39pm

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے پشاور کے عوامی پارکس میں مفت وائی فائی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت پشاور کی بیوٹیفیکیشن سے متعلق اجلاس ہوا، اجلاس میں پشاور شہر کو خوبصورت بنانے کے لیے مختلف امور پر غور کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ نے شہریوں کی سہولت کے لئے ناصر باغ روڈ پر جلد بی آر سروس شروع کرنے اور پشاور کے پبلک پارکوں میں مفت وائی فائی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو معاملات کو حتمی شکل دے کر منظوری کے لئے پیش کرنے کی ہدایت کی۔

جلاس میں عوام کی سہولت کے لئے وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے اہم احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی تزین و آرائش کے لئے ایسے اقدامات تجویز کئے جائیں جو پائیدار ہوں، سڑکوں کے اطراف لگے کھمبوں پر خوبصورت گملے نصب کرکے ان میں مصنوعی پودے اور پھول لگائے جائیں۔

وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ پشاور میں اسٹریٹ لائٹس کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے پر کام کیا جائے، جہاں ضرورت ہو وہاں اوور ہیڈ پلوں کی بجائے انڈر پاسز تعمیر کئے جائیں، ورسک روڈ تا ناصر باغ رنگ روڈ کے باقی ماندہ پورشن کی تعمیر کا کام جلد شروع کیا جائے، یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک کے رش کو کم کرنے کے لئے بی آر ٹی کوریڈور کے اطراف سڑک کی بحالی پر کام کا آغاز کیا جائے۔

اجلاس میں صوبائی وزیر بلدیات ارشد ایوب کے علاوہ متعلقہ انتظامی سیکرٹریز اور دیگر حکام نے شرکت کی۔