پہلی ترجیح توانائی بحران کا حل، دوسری صنعت کاری کو بڑھانا ہے، وزیر تجارت
وفاقی وزیرتجارت جام کمال کا کہنا ہے کہ پاکستان اس وقت مشکل حالات سے گزررہا ہے، حکومت معاشی اصلاحات کے لیے تمام اہم اقدامات کرے گی۔حکومت کی پہلی ترجیح توانائی کے بحران کا حل نکالنا ہے،دوسری ترجیح صنعت کاری کو بڑھانااور غیرملکی سرمایہ کاری کوفروغ دینا ہے۔
کراچی میں مزار قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جام کمال نے کہا کہ مشکل حالات میں ذمہ داری سنبھالی ہے۔ معاشی اشاریوں کو بلندی کی جانب لے کر جانا ہے، شہبازشریف کی قیادت میں مشکلات کو ختم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
وفاقی وزیرتجارت نے کہا کہ تمام اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ پیپلز پارٹی، ایم کیوایم اوردیگر جماعتیں حکومت کا حصہ ہیں۔
جام کمال نے یہ بھی کہا کہ مزار قائد آکر ہمیں پاکستان کے لیے قربانیوں کا احساس ہوتا ہے، ملک کو اس وقت بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کے دوران جام کمال نے کہا کہ رمضان میں مہنگائی کا ایک بہت بڑا چیلنج ہے، رمضان میں سبسڈی 6ارب سےبڑھاکر12.5ارب کی گئی، یوٹیلیٹی اسٹورز حکومت کا حصہ ہے، اور وزیراعظم سمیت تمام تر لوگ ریلیف کے لئے کوشاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یوٹیلٹی اسٹورز پربی آئی ایس پی صارفین کو ریلیف مل رہا ہے، یہ دیکھنے یہاں آئے ہیں کہ عوام کو ریلیف مل رہا ہے۔ یوٹیلیٹی اسٹورز کے حوالے سے وزیراعظم کی پہلی ترجیح تھی اور یہاں ہر چیز کے ریٹ بہت واضح ہیں۔
جام کمال کے مطابق میرے خیال سے یہ ایک اسٹیپ ہے ،آنے والے دنوں میں مزید ریلیف کا حکومت سوچ رہی ہے۔ پہلی ترجیح توانائی کے بحران کا حل نکالنا ہے، دوسری ترجیح صنعت کاری کو بڑھانا ہے۔ ہمیں برآمدی کاروبار کوسپورٹ کرنے اور غیرملکی سرمایہ کاری کوفروغ دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں پاکستان کےدیوالیہ ہونےکی باتیں ہوتی رہیں لیکن پاکستان نےتمام چیلنجز کا مقابلہ کیا۔
Comments are closed on this story.