Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

سانحہ ماڈل ٹاؤن سے شہرت پانے والے گلو بٹ انتقال کرگئے؟

گلو بٹ طویل عرصے سے شدید علیل تھے
اپ ڈیٹ 25 مارچ 2024 12:45am

سانحہ ماڈل ٹاؤن سے شہرت پانے والے گلو بٹ کے طویل علالت کے بعد انتقال کی خبریں زیر گردش ہیں۔

گلوبٹ پر ماڈل ٹاؤن میں منہاج القرآن سیکریٹریٹ کے باہر گاڑیوں کے شیشے توڑنے اور منع کرنے پر پولیس پارٹی پر فائرنگ کرنے کا الزام تھا۔

شیر لاہور کے نام سے مشہور گلو بٹ کو ٹی وی چینلز کی فوٹیج میں 17 جون 2014 کو لاہور کے ماڈل ٹاؤن علاقے میں پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں اور پولیس کے درمیان ہونے والی جھڑپ کے دوران گاڑیوں کے شیشے توڑتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔

میڈیا پر یہ فوٹیج بار بار نشر ہونے کے بعد گلو بٹ کو گرفتار کر لیا گیا تھا لیکن بعد میں انہیں ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔

اس آپریشن کے دوران پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ طاہرالقادری کے کارکنوں اور پولیس کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں 14 افراد مارے گئے تھے۔

30 اکتوبر 2014 کو لاہور کی انسداد دہشت گردی نے منہاج القرآن سیکریٹریٹ کے باہر پولیس آپریشن کے دوران گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کرنے کے جرم میں گلوبٹ کو 11 سال تین ماہ قید اور ایک لاکھ 11 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

تاہم فروری 2017 میں لاہور ہائی کورٹ کے ایک ڈویژن بینچ نے گلو بٹ کے مقدمے سے دہشت گردی کی دفعات ختم کرتے ہوئے اس کے تحت دی جانے والی سزا کو کالعدم قرار دیتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم جاری کیا تھا۔

عدالت کا کہنا تھا کہ گلو بٹ دیگر دفعات کے تحت اپنی سزا پوری کرچکے ہیں۔ اور مارچ 2017 میں انہیں جیل سے رہائی مل گئی۔

گزشتہ دنوں ان کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس میں انہیں انتہائی تشویشناک حالت میں دیکھا جاسکتا تھا اور بظاہر وہ انتہائی اذیت کا شکار تھے۔

ان کے خاندان کے مطابق گلو بٹ طویل عرصے سے زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا تھے، انہیں دو بار برین ہیمرج ہوچکا تھا جبکہ وہ شوگر کے بھی مریض تھے۔

گلو بٹ کے بھائی سے جب ان کے انتقال کی تصدیق کیلئے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے اس پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔

Model Town Incident

Gullu Butt