رکشہ چلانے والا نوجوان 40 لاکھ سبسکرائبرز والا یوٹیوبر کیسے بنا
یوٹیوب پر ایک بھارتی ولاگ چینل ہے جو ایک ایسے نوجوان نے بنایا ہے جو کبھی ایک معمولی رکشہ ڈرائیور تھا، لیکن اب ناصرف بھارتی ریاست تمل ناڈو بلکہ پورے ملک میں کھانے کے شوقین افراد میں مشہور ہے۔
اس نوجوان کا نام عرفان ہے اور اس کے یوٹیوب چینل کا نام ”عرفان ویو“ (Irfan’s View) ہے۔
عرفان چنئی کا رہائشی ہے جو تعلیمی دور میں بس ایک اوسط درجے کے طالب علم تھا۔
متوسط گھرانے میں پلا بڑھا عرفان اداکاری کا شوق رکھتا تھا، عرفان اداکار تو نہ بن سکا لیکن اس نے اپنا سفر بطور ولاگر نومبر 2016 میں شروع کیا۔ اس وقت بہت کم لوگ یوٹیوب کی طرف راغب ہوئے تھے۔
اس نے اپنے چینل کے لیے بہت محنت کی اور اس کیلئے نوکری تک چھوڑ دی، اور اب ان کے چینل کے تقریباً 40 لاکھ سبسکرائبرز ہیں، اگر فیس بک اور انسٹاگرام پلیٹ فارم کو بھی شامل کیا جائے تو عرفان کے کل 60 لاکھ فالوورز ہیں جو کہ سنگاپور کی کل آبادی کے برابر ہے۔
عرفان اپنے چینل پر مختلف کھانوں اور فلموں کا جائزہ پیش کرتا ہے، اس کے ساتھ ساتھ وہ بیرون ملک سفر بھی کرتا ہے اور مشہور شخصیات کے انٹرویو بھی لیتا ہے۔
اسے حال ہی میں وزیر اعظم نریندر مودی سے بہترین مواد تخلیق کرنے کا ایوارڈ بھی ملا۔
بی بی سی سے گفتگو میں عرفان نے کہا کہ میرے والد ایک وین ڈرائیور تھے، جن کے پاس اومنی وین اور آٹو رکشہ تھا۔ وہ بچوں کو سکول لے جاتے اور واپس لاتے۔ اپنے والد کی طرح انہوں نے بھی تین سال تک آٹو رکشہ ڈرائیور کے طور پر کام کیا۔
عرفان کا کہنا ہے کہ میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ مجھے ایوارڈز ملیں گے۔ پہلے مجھے اندازہ نہیں تھا کہ یوٹیوب کے ذریعے کوئی اتنا کما سکتا ہے۔
عرفان نے بتایا کہ مجھے اب سکولوں سے لے کر کالجوں تک بطور مہمان مدعو کیا جاتا ہے۔ وہ مجھے یوٹیوب پر کلاس لینے کے لیے کہتے ہیں۔
عرفان نے بتایا کہ بعض اوقات زیادہ کھانے سے فوڈ انفیکشن ہو جاتا ہے۔
عرفان کا کہنا ہے کہ میں نے دو ہزار سے زائد ویڈیوز پوسٹ کی ہیں، کبھی کبھی تنقید ہوتی ہے اور تکلیف بھی ہوتی ہے، کئی بار بغیر تصدیق کے میرے بارے میں خبریں شائع کی جاتی ہیں۔ کئی بار مجھے دھمکی آمیز کالز موصول ہوتی ہیں اور بعض اوقات مجھ سے ویڈیو ہٹانے کے لیے کہا جاتا ہے۔
Comments are closed on this story.