جی سی یونیورسٹی ہراسگی معاملہ، طالبہ کے ہاتھوں پٹنے والا اسسٹنٹ پروفیسر معطل
لاہور کی جی سی یونیورسٹی میں مبینہ ہراسگی پر خاتون کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنائے جانے والے پروفیسر کو معطل کردیا گیا۔
ترجمان جی سی یو کا کہنا ہے کہ وائس چانسلر جی سی یو نے شعبہ انگریزی کے اسسٹنٹ پروفیسر کو کمیٹی کے نتائج تک معطل کیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق جب تک حقائق سامنے نہیں آتے، اسسٹنٹ پروفیسر یونیورسٹی نہیں آئیں گے۔
ترجمان جی سی یو کا کہنا ہے کہ اسسٹنٹ پروفیسر صرف کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کیلئے یونیورسٹی آسکتے ہیں۔
خیال رہے کہ جی سی یونیورسٹی لاہور میں پروفیسر کی جانب سے طالبہ کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے کا واقعہ سامنے آیا تھا، اس حوالے سے طالبہ اور اسسٹنٹ پروفیسر کے درمیاں جھگڑے کی فوٹیج بھی منظر عام پر آئی تھی۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طالبہ نے فائلیں اٹھا کر اسسٹنٹ پروفیسر کو دے ماریں، طالبہ نے مبینہ طور پر پروفیسر کے بال بھی نوچ ڈالے۔
فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ واقعے کے وقت آفس میں دیگر خواتین بھی موجود تھیں۔
ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کے لئے کمیٹی قائم کی تھی۔
ترجمان جی سی یو کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی کمیٹی جلد از جلد تحقیقات مکمل کرکے حقائق سامنے لائے گی اور اس رپورٹ کی روشنی میں سخت کارروائی کی جائے گی۔
Comments are closed on this story.