Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

وزیراعلیٰ پنجاب کا دھاتی تار بنانے، بیچنے اور خریدنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم

مریم نواز نے پتنگ بازی کے پے درپے واقعات پر اظہار تشویش کیا
شائع 24 مارچ 2024 05:20pm

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر میں دھاتی تار بنانے، بیچنے اور خریدنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے زیرو ٹالرینس پالیسی اپنانے کا حکم دے دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلا س ہوا جس میں امن وامان کی عمومی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران آئی جی پنجاب عثمان انور نے صوبے میں امن وامان کی صورتحال کے بارے میں وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی۔

اجلاس میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، سابق سینیٹر پرویز رشید، صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری،معاون خصوصی ذیشان ملک اور ایم پی اے ثانیہ عاشق نے شرکت کی۔

چیف سیکرٹری، آئی جی پنجاب، سی سی پی او لاہور، ایڈووکیٹ جنرل، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر لاہور بھی اجلاس میں شریک تھے جبکہ صوبائی سیکرٹری داخلہ، تمام کمشنرز، آر پی اوز، ڈپٹی کمشنرز، ڈی پی اوز نےویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے پولیس افسروں کی کارکردگی کا تجزیہ کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی اور جرائم پر مبنی روزانہ کی بنیاد پر اپڈیٹ رپورٹ طلب کرلی۔

مریم نواز نے پتنگ بازی کے پے درپے واقعات پر اظہار تشویش کیا اور دھاتی ڈور بنانے، بیچنے اور خریدنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائیں، پتنگ کے تار سے لگنے کے باعث جاں بحق ہونے والے بچے کی وڈیو دیکھ کر دل کانپ گیا، معصوم بچے کی جان جانے سے والدین کی دنیا تباہ ہو گئی۔

انہوں نے کہا کہ پتنگ بازی کے سدباب کے لئے قوانین موجود ہیں مگر پھر بھی لوگ جان سے جارہے ہیں، قانون پر عمل درآمد کے لئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے، کیس رجسٹر کرنا کافی نہیں،ملزم کو سزا ہونی چاہئے ۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے اسلحہ کی سرعام نمائش روکنے کے لیے قانون پر عمل درآمد کے لیے فوری اقدامات کا حکم دیا۔

اجلاس میں منشیات کی ترسیل روکنے کے لئے فول پروف میکنزم تیار کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔

مریم نواز نے کہا کہ بڑے منشیات فروشوں کے خلاف ناقابل تردید ثبوت کے ساتھ کیس بنائیں جائیں، تعلیمی اداروں میں منشیات کی آن لائن ترسیل روکنے کا قانونی میکنزم وضع کیا جائے، پنجاب میں کہیں نو گو ایریا بنانے کے اجازت نہیں دیں گے، قانون کی عمل داری یقینی بنائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ زیادتی کے واقعات میں کمی آنی چاہیے، اس حوالے سے خصوصی اقدامات کیے جائیں ، ریپ کے کیسز میں ملزمان کو سزا دیکر نشان عبرت بنایا جائے، بچوں، ملازمین اور گھریلو تشدد کے واقعات کیوں نہیں رک رہے۔

مریم نواز کا نوٹس

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سرگودھا میں پتنگ بازی سے بچے کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر برہمی کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے سرگودھا میں پتنگ بازی سے جاں بحق ہونے والے بچے کے خاندان سے اظہار ہمدردی و تعزیت کیا۔

مریم نواز نے بچے کی ہلاکت کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کےعزم کا اظہار بھی کیا۔

انہوں نے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب پولیس کو غفلت برتنے والے متعلقہ پولیس افسروں کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دے دیا۔

مریم نواز نے پتنگ بازی کے سدباب کے لیے احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے پر متعلقہ علاقے کے پولیس حکام کے خلاف کارروائی کا حکم جاری کردیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا ٹی بی کے عالمی دن پر خصوصی پیغام

ادھر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ٹی بی کے متعلق آگاہی کے عالمی دن پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ صحت مند پنجاب کے لیے ٹی بی کے خاتمے کی جنگ کو جیتنا ہوگا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے انسداد ٹی بی کے عالمی دن پر خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ٹی بی کے مکمل سدباب کے لیے ہمارے غیر متزلز ل عزم کا اظہار ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بروقت تشخیص اور مؤثر علاج کے ذریعے ٹی بی کا خاتمہ ممکن ہے، ٹی بی کی وجہ سے لقمہ اجل بننے والی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کو بچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

Maryam Nawaz

lahore

crackdown

Maryam Nawaz Sharif

Basant

CM Punjab Maryam Nawaz

kite

kite killing