Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

افغانستان میں طالبان کی پاکستان پر حملوں کی منصوبہ بندی کی ویڈیو سامنے آگئی

حافظ گل بہادر گروپ کے دہشت گردوں کو ٹی ٹی اے کا سرغنہ یحییٰ ہدایات دے رہا ہے
اپ ڈیٹ 24 مارچ 2024 04:36pm

تحریک طالبان افغانستان (ٹی ٹی اے) کی دہشت گردوں کے ساتھ مل کر پاک افغان سرحد پر سکیورٹی فورسز پر حملوں کی منصوبہ بندی کی ویڈیو منظر عام پر آگئی۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ افغانستان کے علاقے ڈانگر الگد میں موجود تحریک طالبان افغانستان (ٹی ٹی اے) کا سرغنہ یحییٰ حافظ گل بہادر گروپ کے دہشت گردوں کو ہدایات دے رہا ہے کہ آپ نے پاکستانی پوسٹوں پر حملہ کرنا ہے۔

ویڈیو میں ٹی ٹی اے کا کمانڈر دہشت گردوں کو بتا رہا ہے کہ ہم پاکستان سے بدلہ لینے کے لیے تیار ہیں، ٹی ٹی اے کا کمانڈر جنگجوؤں کو بتا رہا ہے کہ منصوبے کے مطابق 6راکٹ چلانے والے ہوں گے اور 6 ان کے معاونین ، اسی طرح 2 لیزر والے ہوں گے اور 2 ان کے ساتھ معاونین جبکہ ایک بندہ سنائپر بھی ہو گا، یہ سب مجاہدین امیر المومنین شیخ عباداللہ کے احکامات پر تیار ہیں۔

ویڈیو میں خودکش بمبار کو بھی دیکھا جا سکتا ہے، دہشت گرد پاکستان کے خلاف لڑنے پر رضامندی کا اظہار کر رہے ہیں، ویڈیو میں پاکستان میں داخلے کے لیے تیار تشکیل کو ضابطہ سمجھانے اور زخمیوں کو پیچھے نہ چھوڑنے کی ہدایات بھی دی جا رہی ہیں۔

ویڈیو اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ ٹی ٹی اے پاک افغان سرحد سے سکیورٹی فورسز پر حملوں کی منصوبہ بندی کرنے اور دہشت گردوں کو پوری مدد فراہم کرنے میں مصروف ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان مسلسل افغان عبوری حکومت سے مطالبہ کرتا آ رہا ہے کہ کابل حکومت دہشت گردوں کو اپنی سر زمین استعمال نہ کرنے دیں، دوسری جانب دہشت گردوں کی افغانستان سے پاکستان میں دراندازی پر افغان عبوری حکومت کا کوئی کنٹرول نہیں ہے۔

یہ دہشتگردپاکستان کی سلامتی کے لئے سنگین خطرہ ہیں جو افغان سرزمین کا مسلسل استعمال کر ر ہے ہیں، پاکستان نے افغانستان کے اندر ٹی ٹی پی سمیت دیگر دہشت گرد تنظیموں کی موجودگی پر افغان عبوری حکومت کو بارہا اپنے سنگین تحفظات سے آگاہ کیا مگر کوئی خاطر خواہ پیشرفت نہ ہو سکی ۔

واضح رہے پاکستان نے افغان عبوری حکومت کو افغانستان سے دہشت گردی کے واضح ثبوت بھی فراہم کیے جو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین کا بے دریغ استعمال عالمی معاہدوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔

terrorism

اسلام آباد

Taliban

Terrorism in Pakistan

Pakistan Law and order situation

Tehreek e Taliban Afghanistan

tta