Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

غزہ: الشفا اسپتال کا چھٹے روز بھی محاصرہ ، بمباری سے مزید 74 فلسطینی شہید، 114 زخمی

خان یونس، النصیرات، جبالیہ سمیت کئی علاقوں میں گھر ملبے کا ڈھیر بن گئے
اپ ڈیٹ 24 مارچ 2024 09:58am
فوٹو۔۔فائل
فوٹو۔۔فائل

غزہ میں اسرائیل کی دہشت گردی جاری، بمباری سے مزید 74 فلسطینی شہید اور 114زخمی ہوگئے۔ غزہ میں الشفا اسپتال کا چھٹے روز بھی محاصرہ جاری ہے۔

فلسطینی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران غزہ میں سات مقامات پر بمباری کرکے گھروں کو نشانہ بنایا۔

خان یونس، النصیرات، جبالیہ کیمپ سمیت کئی علاقوں میں گھر ملبے کا ڈھیر بن گئے۔

کویتی گول چکر کے قریب امداد کے منتظر فلسطینیوں پر ایک اور حملے میں انیس افراد شہید اور تئیس زخمی ہوگئے۔ صہیونی فوج نے نہتے فلسطینیوں پر مشین گنوں سے فائرنگ کی۔

غزہ میں الشفا اسپتال کا چھٹے روز بھی محاصرہ جاری ہے، مزید پانچ مریض دم توڑ گئے۔

الشفا اسپتال پر گولہ باری سے شہدا کی تعداد ایک سو ستر ہوگئی، اسرائیل نے میڈیکل کمپلیکس سے دس ہیلتھ کیئر ورکرز سمیت دو سو چالیس افراد کو گرفتار کرلیا۔

اسرائیلی حملوں میں شہدا کی مجموعی تعداد 32 ہزار ایک سو بیالیس ہوگئی، 74 ہزار چارسو بارہ زخمی ہیں۔

دوسری طرف القسام بریگیڈز نے الشفاء اسپتال کے قریب 3 اسرائیلی ٹینکوں کو نشانہ بنایا ہے۔

القسام بریگیڈز نے حملے میں متعدد اسرائیلی فوجیوں کے ہلاک اور زخمی ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔

Palestine

Israel Palestine conflict

Gaza War