Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

عماد وسیم نے رٹائرمنٹ واپس لینے کا اعلان کردیا

پی ایس ایل میں عمدہ کارکردگی کے بعد ان کی ٹیم میں واپسی کیلئے اٹھنے والی آوازوں میں تیزی آگئی تھی
شائع 23 مارچ 2024 05:08pm

قومی ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم کی پاکستان سپر لیگ میں شاندار پرفارمنس رنگ لے آئی ہے، پاکستان کرکرٹ بورڈ (پی سی بی) کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ واپس لینے کا اعلان کر دیا ہے۔

گزشتہ روز پی سی بی حکام نے آل راؤنڈر کو ملاقات کیلئے قذافی اسٹیڈیم لاہور مدعو کیا تھا، جہاں انہیں ریٹائرمنٹ واپس لینے پر قائل کیا گیا۔

عماد وسیم کے قریبی ذرائع نے تصدیق کی تھی کہ انہیں ایک بورڈ آفیشل کی کال موصول ہوئی تھی جس میں ملاقات کی دعوت دی گئی تھی۔

خیال رہے کہ پی ایس ایل میں عمدہ کارکردگی کے بعد ان کی ٹیم میں واپسی کیلئے اٹھنے والی آوازوں میں تیزی آگئی تھی۔

اور اب پی سی بی سے کامیاب مذاکرات کے بعد عماد وسیم نے ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ ہونے والی میٹنگ کے بعد میں نے انٹر نیشنل کرکٹ سے اپنی ریٹائرمنٹ واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے اور میں اپنی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کیلئے اپنی دستیابی ظاہر کر رہاہوں اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ بھی کھیلنے کا خواہش مند ہوں‘۔

خیال رہے کہ عماد وسیم نے گزشتہ برس نومبر میں انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔

انہوں نے پی ایس ایل کے پلے آف میچز اور فائنل میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس کے بعد ان کی نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کیلئے قومی ٹیم میں واپسی کی باتیں ہونے لگی تھیں۔

واضح رہے کہ عماد وسیم نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 55 ون ڈے اور 66 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے۔

انہوں نے ون ڈے میں 44 اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 65 وکٹیں لیں جبکہ دونوں فارمیٹ میں مجموعی طور پر 1400 سے زائد رنز سکور کئے۔

وہ 2017 میں چیمپیئن ٹرافی جیتنے والی پاکستانی کرکٹ ٹیم کا بھی حصہ تھے۔

Retirement

imad wasim