عمران خان کا وجود سیاسی عدم استحکام کی ضمانت ہے، رانا ثنااللہ
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان ملک میں استحکام کیلئے کسی کے ساتھ نہیں بیٹھیں گے۔
لاہور میں آج نیوز سے گفتگو میں رانا ثنااللہ نے کہا کہ عمران خان کا وجود ہی سیاسی عدم استحکام کی ضمانت ہے اور پاکستان میں سیاسی عدم استحکام جاری رہے گا۔
رانا ثنا اللہ نے کہاکہ حکومت کی کامیابی معاشی بحال سے مشروط ہے۔
ایک سوال پر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ معاشی استحکام کے لیے سیاسی استحکام ضروری ہے لیکن پاکستان میں عدم استحکام کا سبب عمران خان ہیں، جب وہ اپوزیشن میں تھے 2014 سے 2018 تک اس وقت وہ سیاسی عدم استحکام کا باعث بنے،اس کے بعد جب وہ حکومت میں آئے تو تب بھی انہوں نے وہی کام کیا، یعنی وہ حکومت میں ہوں یا اپوزیشن میں ان کا وجود سیاسی عدم استحکام کی ضمانت ہے۔ اس لیے سیاسی عدم استحکام تو ہے اور میرا خیال ہے یہ جاری رہے گا کیونکہ عمران خان کا ایجنڈا یہ ہے۔
عمران خان کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے رانا ثنا اللہ نے کہاکہ وہ کسی کے ساتھ مذاکرات نہیں کریں گے، عمران خان نے اپنی حکومت کے دوران بھی اپوزیشن کے ساتھ بیٹھنے سے انکار کیا۔
انھوں نے کہا کہ پارلیمانی نظام میں منتخب لوگوں کو نظام حکومت چلانا چاہیے، جو لوگ الیکشن نہ جیت سکیں انہیں حلقے کی سیاست کرنی چاہیے۔
Comments are closed on this story.