Aaj News

اتوار, نومبر 17, 2024  
14 Jumada Al-Awwal 1446  

پاکستان میں جمہوریت، انسانی حقوق کا احترام یقینی بنایا جائے، کانگریس کمیٹی میں قراداد منظور

قرار دار صفر کے مقابلے میں 50 ووٹوں سے منظور ہوئی
اپ ڈیٹ 22 مارچ 2024 06:05pm

امریکی ایوان نمائندگان کی فارن افیئرزکمیٹی نے پاکستان میں جمہوریت، انسانی حقوق اورقانون کی پاسداری سے متعلق قراردار صفر کے مقابلے میں 50 ووٹوں سے منظورکرلی۔

فارن افیئرز کمیٹی میں منظور ہونے والی قرارداد پاکستان میں جمہوریت اور شفاف انتخابات کیلئے حمایت ظاہر کرتی ہے جو عوام کی مرضی کی عکاسی کرتی ہوں۔

کمیٹی سے منظوری کے بعد یہ بل اب امریکی ایوان نمائندگان کو بھجوایا جائے گا۔ کانگریس میں یہ قرارداد رپیریزینٹیٹو ری پبلکن رچ میکارمک اور ڈیموکریٹ ڈین کیلڈی نے پیش کی تھی۔۔

یہ قرارداد کچھ عرصہ قبل پیش کی گئی تھی تاہم اس پر ووٹنگ جمعرات 21 مارچ کو ہوئی۔

وائس آف امریکا کے مطابق رکن کانگریس میکارمک کے آفس نے تصدیق کی ہے کہ قرارداد کو 50 ووٹوں سے منظور کیا گیا ہے اور اسکی مخالفت میں ایک ووٹ بھی نہیں آیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روزفارن افیئرز کمیٹی میں ہی الیکشن کے بعد کے پاکستان پر تفصیلی سماعت ہوئی تھی جس میں امریکی معاون وزیرخارجہ برائے جنوبی و وسطی ایشیا ڈونلڈ لو پیش ہوئے تھے۔

اس سماعت کے دوران حالیہ انتخابات میں مبینہ بے ضابطگیوں کی شکایات توجہ کا مرکز رہیں۔

قرار داد میں پاکستان کے الیکشن میں بعض سیاسی رہنماؤں کے لیے لیول پلئنگ فیلڈ نہ ہونے،ورکرز کی پکڑ دھکڑ، انٹرنیٹ اور موبائل سروس کی بندش، میڈیا پر ہابندیوں، صحافیوں بالخصوص خواتین صحافیوں کو ہراسانی کا سامنا ہونے جیسے سوالات اٹھائے گئے ہیں۔

قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ پاکستان کے انتخابات میں مداخلت اور بے ضابطگیوں کی تحقیقات کروائی جائیں۔اس پس منظر میں پاکستان کے اندر مذہبی اقلیتوں کے حقوق، ملک میں جبری تبدیلی مذہب اور توہین مذہب کے قوانین سے متعلق تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔

امریکہ میں موجود پی ٹی آئی کی حامی شخصیات نےقراردار کی منظوری پر فارن افیئرزکمیٹی کا شکریہ ادا کیا ہے۔

pti

USA

cypher case Imran Khan

Donald Lu