Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

ڈی آئی خان: سکیورٹی فورسز کے قافلے پر خود کش حملہ، 2 جوان شہید

خودکش بمبارنے گاڑی فوجی قافلے سے ٹکرائی، آئی ایس پی آر
اپ ڈیٹ 22 مارچ 2024 11:02am

ڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان) میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر خود کش حملہ ہوا ہے۔ جس کے نتیجے میں 2 جوان شہید ہوگئے ہیں۔ دوسری طرف 20 مارچ کو گوادر پورٹ اتھارٹی کالونی میں دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بناتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے سپاہیوں کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خودکش بمبار نے گاڑی فوجی قافلے سے ٹکرائی۔

دھماکے میں نائب صوبیدار یاسر شکیل اور سپاہی طاہر نوید شہید ہوگئے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بزدلانہ حملوں کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بھی دہشت گردوں نے شمالی وزیرستان میں بزدلانہ حملہ کیا تھا۔

میرعلی کے مقام پر دہشت گردوں نے ہفتے کو سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں لیفٹیننٹ کرنل اور کیپٹن سمیت 7 فوجی شہید ہوگئے تھے، جبکہ فورسز کے آپریشن میں 6 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

گوادر میں شہید سپاہی مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک

آئی ایس پی آر کے مطابق 20 مارچ کو گوادر پورٹ اتھارٹی کالونی میں دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بناتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے سپاہیوں کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔

35 سالہ سپاہی بہار خان کو ضلع ڈیرہ غازی خان اور 28 سالہ سپاہی عمران علی کو ضلع خیرپور میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقوں میں سپرد خاک کردیا گیا۔

نماز جنازہ میں شہداء کے عزیز و اقارب، پاک فوج کے جوانوں اور علاقے کے عمائدین نے شرکت کی۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دہشتگردوں کی امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کی تمام کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پر عزم ہیں۔ ہمارے بہادر بیٹوں کی یہ قربانیاں دہشت گردی کی لعنت کے خلاف لڑنے کے ہمارے عزم کو مضبوط کرتی ہیں۔ مادر وطن سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے تک دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔

ISPR

pakistan army

Army Chief General Asim Munir

security forces operation