Aaj News

منگل, نومبر 05, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

حماس سے نمٹنے کیلئے دیگر طریقے ہیں، اسرائیل کا گرینڈ فوجی آپریشن بڑی غلطی ہوگی، امریکا

حماس اسرائیل مذاکرات کا کسی نتیجے پر پہنچنا مشکل لیکن نہ ممکن نہیں ہے، امریکی وزیرخارجہ
شائع 22 مارچ 2024 09:14am
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن (تصویر بزریعہ روئٹرز/فائل)
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن (تصویر بزریعہ روئٹرز/فائل)

امریکی وزیرخارجہ نے مصری ہم منصب سامع شکری کے ہمراہ مشترکہ نیوزکانفرنس میں کہا ہے کہ رفاہ میں اسرائیل کا گرینڈ فوجی آپریشن بڑی غلطی ہوگی، امریکا اس کی حمایت نہیں کرے گا، مصری وزیرخارجہ کا کہنا ہے کہ غزہ جنگ سے متعلق امریکی اسرائیلی وزرائے دفاع آئندہ ہفتے ملاقات کریں گے۔

مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے پانچ عرب ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقات کی ہے جس میں غزہ جنگ اور رفاہ کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پی ایل او کی ایگزیکٹوکمیٹی کے رہنما حسین الشیخ بھی ملاقات میں موجود تھے، عرب وزرائے خارجہ نے انٹونی بلنکن سے غزہ میں مکمل جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔

جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل اور غزہ کے درمیان تمام گزرگاہوں سے امدادی سامان کی متاثرین تک رسائی بحال کی جائے۔

انٹونی بلنکن نے کہا کہ حماس سے نمٹنے کے لیے فوجی آپریشن کے علاوہ اور بھی طریقے ہیں، رفاہ میں فوجی آپریشن سے صورتحال مزید خراب ہوگی۔

انھوں نے کہا کہ امریکا فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی، غزہ پٹی پر دوبارہ قبضے کو مسترد کرتا ہے، حماس اسرائیل مذاکرات کا کسی نتیجے پر پہنچنا مشکل لیکن نہ ممکن نہیں ہے۔

اس موقع پر مصری وزیرخارجہ نے کہا کہ غزہ جنگ جاری رکھنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انیس سو سڑسٹھ کی سرحدوں کے مطابق آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ضروری ہے، غزہ جنگ سے متعلق امریکی اسرائیلی وزرائے دفاع آئندہ ہفتے ملاقات کریں گے۔

USA

Israel Palestine conflict

Gaza War