Aaj News

پیر, نومبر 25, 2024  
22 Jumada Al-Awwal 1446  

ڈونلڈ لو نے کوئی نئی بات نہیں کی، ہم سب یہی کہہ رہے ہیں، شرمیلا فاروقی

کل پی ٹی آئی کی تمام امیدیں ٹوٹ گئیں، رانا احسان افضل
شائع 21 مارچ 2024 09:34pm
If Donald Lu is true on cipher, the case against Imran Khan is false | Rubaroo | Aaj News

پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ لو نے کل کانگریس کمیٹی کی سماعت کے دوران کوئی نئی بات نہیں کی، انہوں نےجو کہا وہ ہم سب کہہ رہے ہیں۔

آج نیوز کے پروگرام ”روبرو“ میں گفتگو کرتے ہوئے شرمیلا فاروقی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو آئینی طریقے سے ہٹایا گیا جسے انہوں نے امریکی سازش قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ سائفر ایک حقیقت ہے جس کی کاپی بھی موجود ہے، بانی پی ٹی آئی نے جلسے میں سائفر لہرایا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی تحریک عدم اعتماد آتی تھیں، پی ٹی آئی حکومت کےخلاف بھی تحریک عدم اعتماد آئی۔

شرمیلا فاروقی نے کہا کہ پاکستان کا کوئی الیکشن 100 فیصد شفاف نہیں ہوا، ہر الیکشن میں مختلف نوعیت کی دھاندلیاں ہوئیں، 2018 کے الیکشن میں ہم فارم 45 پر احتجاج کررہے تھے، آج پی ٹی آئی فارم 45 پر احتجاج کر رہی ہے۔

شرمیلا فاروقی نے کہا کہ جاننا چاہتی ہوں پی ٹی آئی نے اس پر کتنی پٹیشن دائر کیں؟

پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا احسان افضل نے کہا کہ پی ٹی آئی کو کانگریس سے بہت امیدیں تھیں، کل پی ٹی آئی کی تمام امیدیں ٹوٹ گئیں۔

رانا احسان افضل نے کہا کہ سائفر آتے جاتے رہتے ہیں، انہوں نے اسے اپنے مفاد کیلئے استعمال کیا، پی ٹی آئی نے سائفر کو لیک کیا پھر گم کردیا، ڈونلڈ لو بھی سائفر پر وضاحت دے چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سے مطالبہ کروں گا اس پر کیس بننا چاہئے۔

انہوں نے ڈونلڈ لو کے بیان پر کہا کہ الیکشن کمیشن بےضابطگیوں کا نوٹس لے، الیکشن کمیشن ایک آزاد ادارہ ہے وہ بےضابطگیوں کی تحقیقات کرے۔

پاکستان تحریک انصاف کی رہنما مہربانو قریشی نے شرمیلا فاروقی کے سوال پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے الیکشن کمیشن سے رجوع کیا ہوا ہے، ہم الیکشن کمیشن کے فیصلے کو ٹربیونل لے کر جائیں گے۔

مہربانو قریشی نے کہا کہ کل کانگریس میں مداخلت کو تسلیم کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سفیر کے ذریعے حکومت کو دھمکی دی گئی تھی۔

Sharmila Farooqi

cypher case Imran Khan

rana ahsan afzal

Meherbano Qureshi

Donald Lu