Aaj News

بدھ, جنوری 08, 2025  
07 Rajab 1446  

ایک ماہ میں ایم پی اے، ایم این اے اور پھر سینیٹ کا ٹکٹ پاکر بشریٰ انجم بٹ نے نیا ریکارڈ قائم کردیا

بشریٰ انجم بٹ وزیراعظم شہباز شریف کے قریبی دوست خالد شاہین بٹ کی رشتہ دار ہیں
شائع 21 مارچ 2024 09:10pm
تصویر: ایکس/خالد حسین تاج
تصویر: ایکس/خالد حسین تاج

مسلم لیگ (ن) کی جانب سے سینیٹ کا ٹکٹ پانے کے بعد بشریٰ انجم بٹ پہلی خاتون بن گئی ہیں ، جنہوں نے صوبائی اسمبلی سے سینیٹ تک نامزدگی کا سفر صرف ایک ماہ میں طے کیا۔

ایک مہینہ قبل بشریٰ انجم بٹ نے رکن پنجاب اسمبلی کے طور پر حلف اٹھایا، پھر دو ہفتہ پہلے انہیں ن لیگ کی جانب سے خواتین کی مخصوص نشست پر رکن قومی اسمبلی کے لیے نامزد کیا گیا۔

اس کے بعد چند دن قبل پارٹی نے انہیں سینیٹ کا ٹکٹ بھی جاری کر دیا۔

اس طرح بشریٰ انجم بٹ ایک مہینے کے اندر ایم پی اے سے ایم این اے اور پھر سینیٹر تک نامزدگی کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔

ذرائع کے مطابق بشریٰ انجم بٹ کو سینیٹ میں ٹیکنوکریٹ کی نشست کا ٹکٹ دیا گیا اور انہوں نے اپنے کاغذات نامزدگی بھی جمع کرائے تھے۔

بشریٰ انجم بٹ وزیراعظم شہباز شریف کے قریبی دوست خالد شاہین بٹ کی رشتہ دار ہیں جو سینیٹ کے ممبر رہے ہیں اور حال ہی میں ان کی مدت ختم ہوئی ہے۔

بشریٰ انجم بٹ اس سے پہلے مخصوص نشست پر ایم پی اے بنیں، پھر پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں نہ ملنے کی صورت میں اضافی نشستیں ملنے پر ن لیگ کی طرف سے انہیں قومی اسمبلی کا ٹکٹ دیا گیا اور اب انہیں سینیٹ کے لیے ٹکٹ جاری کیا گیا۔

تاہم، ذرائع کے مطابق وہ سینیٹ انتخابات سے دستبردار ہوگئی ہیں۔