Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

چینی فیملی کا مذاق اڑانے پر برٹش ایئرویز کی 2 ملازمین برطرف

ہولی والٹن اور لارین برے نے ٹوٹی پھوٹی انگلش بولنے پر وڈیو بناکر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی تھی
شائع 21 مارچ 2024 02:15pm

برٹش ایئرویز نے اپنے 2 ملازمین کو ایک چینی خاتون کا تمسخر اڑاتی ہوئی وڈیو بنانے پر برطرف کردیا ہے۔ دونوں ملازمین نے وڈیو میں ایک چینی فیملی کا تمسخر اڑایا تھا جس نے پرواز کے دوران ٹوٹی پھوٹی انگلش میں مشروبات طلب کیے تھے۔

برٹش ایئرویز کے ملازمین نے چینی فیملی کا مذاق اڑانے والی وڈیو ٹاک ٹاک پر پوسٹ کی تھی۔ جذبات کو ٹھیس پہنچانے والی یہ وڈیو ہولی والٹن اور لارین برے نے ادارے کے خرچ پر اینٹیگوا کے ایک لگژری ریزورٹ میں قیام کے دوران بنائی تھی۔

’میٹرو‘ نے ایک رپورٹ میں بتایا کہ وڈیو میں جس چینی فیملی کا مذاق اڑایا گیا وہ انگلش بولنے میں دقت محسوس کر رہی تھی۔ وڈیو میں ہولی والٹن نے چینیوں کی طرح چُندھیائی ہوئی آنکھوں کے ساتھ چینی لہجے میں کہا مجھے ڈرنک دیجیے۔ یہ وڈیو لارین برے نے بنائی تھی اور اُس نے تب سے اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ بند کر رکھا ہے۔

یہ وڈیو آن لائن پلیٹ فارمز پر پوسٹ کیے جانے پر ہولی والٹن اور لارین برے کے ساتھیوں نے حیرت و افسوس کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ دونوں فضائی میزبانیں چینی فیملی پر جان بوجھ کر ہنس رہی تھیں اور اس سے ہمارے بارے میں بہت برا پیغام گیا۔ برٹش ایئرویز کی ایک ایشیائی اسٹاف ممبر نے کہا کہ یہ وڈیو مجھے یہ پوچھےنے کی تحریک دے رہی ہے کہ کارروائی کی جانی چاہیے۔ ہم یہ سب کچھ برداشت نہیں کرسکتے۔

برٹش ایئرویز کے ایک اور اسٹاف ممبر نے ’سن‘ سے گفتگو میں کہا کہ یہ وڈیو بہت ناشائستہ اور تکلیف دہ ہے۔ اس نوعیت کے نسل پرستانہ جذبات رکھنا اور پھر اُسے وڈیو کی شکل میں دنیا کے سامنے رکھنا انتہائی افسوس ناک ہے۔ یہ حرکت ایئر لائن کے لیے بھی بہت خطرناک ہے اور اس پر دونوں کے خلاف کارروائی ہونی ہی چاہیے۔

ہولی والٹن اور لارین برے کو کینکم، میکسیکو سے واپس بلواکر برٹش ایئرویز کے باس سے ملنے کی ہدایت کی گئی۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ پیر کو جب لارین برے ایئر لائن کے سربراہ کے دفتر سے روتی ہوئی نکلی۔

برٹش ایئرویز کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ ہم نسلی بنیاد پر منافرت کو کسی بھی شکل میں اور کسی بھی درجے میں برداشت نہیں کرتے۔ اس طرح کے الزامات کو سنجیدگی سے لیا جاتا ہے۔

Racism

British Airways

MOCKING VIDEO

TWO FIRED