Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

شیر افضل مروت نے پی ٹی آئی کے ملین مارچ کا عندیہ دے دیا

9 فروری کو جو فراڈ حکومت بٹھائی گئی یہ سب کچھ امریکیوں کے آشیرواد سے ہوا ہے، شیر افضل مروت
شائع 20 مارچ 2024 09:43pm

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے امریکی اسسٹنٹ سیکریٹری آف اسٹیٹ ڈانلڈ لو کے اس بیان کہ ’پاکستان میں انتخابات کا انعقاد بڑی حد تک مسابقتی اور منظم تھا‘، پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آٹھ فروری تک تو عمل مناسب تھا ، اصل قہر تو 9 فروری کو ڈھایا گا۔

آج نیوز کے پروگرام ”روبرو“ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ عام انتخابات میں ہمیں مہم نہیں چلانے دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ امریکی اپنے ملک میں اپنے عوام کو پھلتا پھولتا دیکھنا چاہتے ہیں، جمہوریت کی آبیاری کر رہے ہیں، قانون کی حکمرانی قائم ہے، لیکن یہ معیار انہیں پاکستان جیسے ممالک میں قبول نہیں ہے، پاکستان میں 9 فروری کو جو فراڈ حکومت بٹھائی گئی یہ سب کچھ امریکیوں کے آشیرواد سے ہوا ہے۔

شیر افضل مروت نے کہا کہ انہوں نے پاکستان میں جو اسٹرکچر کھڑا کیا ہے اس کی انہیں حفاظت کرنی ہے۔

آئی ایم ایف سے قرض کی وصولی اور ڈیفالٹ ہونے سے بچنے کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ کیا ساری عمر ہم قرضوں کی وصولی پر بچیں گے؟ ہماری اپنی کیا صلاحیتیں ہیں؟

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس اللہ کا دیا سب کچھ ہے، لیکن ایک کرپشن نے سب ستیاناس کیا ہوا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے ملزمان کی تقریباً ایک سال بعد رہائی ہوئی، اس کا ازالہ کون کرے گا؟

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کون غدار ہے اس کا تعین کرنے کا حق نہ سپریم کورٹ کے پاس ہے نہ اسٹبلشمنٹ کے پاس ہے، یہ حق صرف عوام کے پاس ہے، اور آٹھ فروری کے فیصلے سے واضح ہے کہ محب وطن کون ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں شیر افضل مروت نے کہا کہ ہم نے 23 مارچ کے بجائے 30 مارچ کو جلسے کا فیصلہ کیا ہے، آئین ہمیں احتجاج کرنے کا حق دیتا ہے، ہم اپنے آئینی حق کی بات کررہے ہیں۔

شیر افضل مروت نے کہا کہ ہم عید کے بعد دھاندلی کے خلاف آگاہی مہم چلائیں گے، شہر شہر جلسے کریں گے، اگر حکومت پھر بھی ٹس سے مس نہ ہوئی تو ملین مارچ کریں گے، اس حوالے سے ہم مئی تک کوئی فیصلہ کرلیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں شیر افضل مروت نے کہا کہ مراد سعید کو ہم تب باہر نکالیں گے جب ہمیں یقین ہو کہ ان کے ساتھ انصاف ہوگا۔

Sher Afzal Marwat

PTI Million March