Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

سرحد پار سے دہشت گردی اب برداشت نہیں کرسکتے، وزیراعظم

قرض رول اوور اور مزید قرضے ملک کیلئے نقصاندہ ہیں، قرضوں سے جان چھڑانی ہے، شہباز شریف
اپ ڈیٹ 20 مارچ 2024 02:53pm

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سرحدیں دہشت گردی کے خلاف ریڈ لائن ہیں، سرحد پار سے دہشت گردی اب برداشت نہیں کرسکتے، ہمسائیہ ملک کی زمین دہشت گردی کے لیے استعمال ہو گی تو یہ قابلِ قبول نہیں ہو گا، ہمیں قرضوں سے جان چھڑانی ہے کیونکہ قرضوں کے رول اوور اور مزید قرضے پاکستان کے لیے نقصاندہ ہیں۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ اللہ کے فضل سے تمام کابینہ عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے، وفاقی کابینہ آج پہلا اجلاس تھا، امید ہے کابینہ عوام کے اعتماد پرپورا اترے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ آئی ایم ایف واضح طور پر کہہ رہا ہے کہ ٹیکس نیٹ کا دائرہ بڑھائیں، آئی ایم ایف کی شرط ہےکہ ٹیکس نیٹ کو بڑھائیں۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں آئی ایم ایف کے نئے پروگرام کی ضرورت ہے ، 2400 ارب کے محصولات کے کیسز ٹربیونلز یا عدالتوں میں ہیں، مافیاز قوم کے اربوں کھربوں روپے کھا رہی ہے، 400 سے 500 ارب روپے کی سالانہ بجلی چوری ہو رہی ہے، چیئرمین ایف بی آر، وزیر خزانہ کو کہا ہے فرض شناس، دیانتدار افسران کی فہرستیں بنائیں، ٹربیونلز سے میٹنگ کریں اور جلد از جلد انصاف پر مبنی فیصلہ کریں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمیں قرضوں سے جان چھڑانی ہے، قرضوں کے رول اوور اور مزیر قرض پاکستان کے لیے نقصاندہ ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ میثاق معیشت کے ساتھ ہمیں یکجہتی کا چارٹر بھی پیش کرنا چاہیے کیونہ یکجہتی اور معاشی ترقی دونوں لازم و ملزوم ہیں، امید ہے کہ کابینہ عوامی توقعات پر پورا اترے گی۔

کفایت شعاری پالیسی سے متعلق وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کے شاہانہ اخراجات میں کمی انتہائی ضروری ہے، کئی ایسے محکمے ہیں جن کی ضرورت نہیں اور جو محکمے رہ گئے اٹھارویں ترمیم کے تحت صوبوں کو حوالے کریں۔

ملک میں ہونے والی حالیہ دہشت گردی کے واقعات پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے والے پاک فوج کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتےہیں، پاک فوج کے جوانوں کی وطن کے ساتھ والہانہ محبت انمول ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سرحد پار سے دہشت گردی اب برداشت نہیں کر سکتے، ہمسایہ ملک کی زمین دہشت گردی کے لیے استعمال ہو گی تو یہ قابل قبول نہیں، ہمسائیہ برادر ملک کے ساتھ امن کے ماحول میں رہناچاہتے ہیں، برادر ہمسایہ ملک کے ساتھ برادرانہ تعلق اور تجارت چاہتے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہمسائیہ ملک کو دعوت دیتا ہوں آئیں ملکر دہشتگردی کے خاتمے کے لیےکام کریں، امید ہے کہ ہمسایہ ملک کے ارباب اختیار ملکر خطے کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا شہدا اور ان کے اہلخانہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، شہدا کے والدین نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا جائے۔

اسلام آباد

PM Shehbaz Sharif

Terrorism in Pakistan

Pakistan Law and order situation

sheharyar afridi

Federal Cabinet 2024