Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

آرمی چیف کی سعودی ولی عہد سے ملاقات، اسٹریٹیجک تعلقات اور تعاون بڑھانے پر اتفاق

مستقبل میں بھی پاکستان کے ساتھ کھڑے رہیں گے، محمد بن سلمان
اپ ڈیٹ 20 مارچ 2024 09:41am

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سعودی دارالحکومت ریاض میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی ہے۔ دونوں نے پاک سعودی اسٹریٹیجک تعلقات اور تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔

جنرل عاصم منیر اور محمد بن سلمان کی ملاقات کے موقع پر سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان اور سعودی سفیر نواف المالکی بھی موجود تھے۔

سعودی میڈیا کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، باہمی معاملات ، علاقائی اور عالمی مسائل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے موقع پر سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق اور دیگراعلیٰ عہدیدار بھی موجود تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے ولی عہد محمد بن سلمان سمیت وزیردفاع ، معاون وزیردفاع اور سعودی چیف آف جنرل اسٹاف سمیت اعلیٰ عسکری قیادت سے بھی ملاقاتیں کیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان نے مضبوط تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔

سعودی ولی عہد نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں بھی پاکستان کے ساتھ کھڑے رہیں گے، جب کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے حمایت پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

Saudi Arabia

Mohammed bin Salman

Army Chief General Asim Munir

Special Investment Facilitation Council (SIFC)