Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

آئی ایم ایف سے حتمی مذاکرات سے قبل اہم اجلاس، ناکامی یا ڈیڈلاک کی صورت میں متبادل آپشن پر غور

آج آئی ایم ایف سے نئے قرض کے بارے میں بات چیت ہوگی، اسٹاف لیول معاہدہ ہونے کا امکان
اپ ڈیٹ 19 مارچ 2024 01:17pm

ایک دن کی توسیع کے بعد آئی ایم ایف سے مذاکرات آج ہوں گے۔ گزشتہ روز پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان بات چیت مکمل نہ ہوسکی تھی۔ مالیاتی ادارے سے بات چیت سے قبل اسلام آباد میں وزارت خزانہ میں وفاقی وزیر محمد اورنگزیب کی سربراہی میں اہم اجلاس ہوا۔ جس میں مذاکرات کی ناکامی یا ڈیڈلاک کی صورت میں دیگر آپشنز پر بھی غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں سیکرٹری وزارت خزانہ امداد اللہ بوسال سمیت دیگرحکام شریک ہوئے۔

اجلاس میں آئی ایم ایف کے باقی ماندہ مطالبات اور اب تک کی مجموعی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر کو مذاکرات کے مختلف ادوار میں زیر بحث معاملات پر بریفنگ دی گئی۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف مشن کی ڈیمانڈ مکمل کرنے کیلئے حکومت ہنگامی اقدامات کرنے کیلئے بھی تیار ہے، تاہم وزارت خزانہ کو آئی ایم ایف مشن کے ساتھ مذاکرات کی کامیابی کا قوی امکان ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف میں آج ہونے والے مذاکرات میں نئے قرض کے بارے میں بات چیت ہوگی۔ ذرائع کے مطابق مشن اور معاشی ٹیم کے درمیان آج اسٹاف لیول معاہدہ ہونے کا امکان ہے۔

مذاکرات میں معاشی اور مالیاتی پالیسیوں کی یاد داشت کے مسودے کو حتمی شکل دی جائے گی۔

آئی ایم ایف کی ٹیم کو آج عشائیہ بھی دیا جائے گا۔

پیر کے روز پاکستان اورآئی ایم ایف کے معاملات آگے نہ بڑھ سکے تھے، اس لئے منگل کو بھی مذاکرات ہورہے ہیں۔

لیٹر آف انٹینٹ پر بھی آج کے مذاکرات میں بات چیت ہو گی۔ لیٹر آف انٹینٹ پر مشاورت مکمل ہونے کے بعد معاہدے کی طرف بڑھیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے کرپٹو کرنسی اوردیگر آن لائن ٹریڈنگ کو ریگولرائزکرکے ٹیکس نیٹ میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔

مذاکرات میں نجکاری کی فہرست میں موجودہ اداروں کی نجکاری کیلئے روڈمیپ پر تبادلہ خیال کیا گیا اور پی آئی اے کی نجکاری اولین ترجیحات میں شامل کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق بجلی کے شعبے میں گردشی قرضہ منجمند کرنے پر اتفاق ہوگیا ہے ، پاکستان توانائی کے شعبے میں گردشی قرضے بڑھنے نہیں دے گا۔

آئی ایم ایف نے پراپرٹی کی خریداری پر نقد کے بجائے بینک کے ذریعے لین دن پرزور دیا ہے۔

economic crisis

IMF PAKISTAN

Special Investment Facilitation Council (SIFC)