Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

چیئرمین پی سی بی نے سلیکشن کمیٹی میں تبدیلیاں لانے کا اعلان کردیا

اللہ سے امید ہے کہ چیمپٸنز ٹرافی کا ایونٹ پاکستان میں ہوگا، محسن نقوی
اپ ڈیٹ 19 مارچ 2024 03:26am

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے قومی ٹیم کی سلیکشن کمیٹی میں تبدیلیاں لانے کا اعلان کر دیا۔

چیئر مین پی سی بی اور وزیر داخلہ محسن نقوی پی ایس ایل کا فائنل معرکہ دیکھنے نیشنل بینک سٹیڈیم پہنچے جہاں پی سی بی عہدیداران نے ان کا استقبال کیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کپتان کی تعیناتی سلیکشن کمیٹی کرے گی، سلیکشن کمیٹی میں تبدیلیاں لاؤں گا، کمیٹی کو بااختیار کریں گے اور وہی جوابدہ ہوں گے۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ میچز کروانا صرف مقصد نہیں ، ہمیں لڑکوں کو آگے لانا ہے، ملک کی بہتری کے لیے ہر ممکن کام کرنے کی کوشش کریں گے، میں ایک ساتھ دونوں عہدوں کو رکھنے کو تیار ہوں۔

محسن نقوی نے کہا کہ ایک ہفتے میں غیرملکی کوچ کا معاملہ حل ہو جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کے 11 کھلاڑی ہیں اور بورڈ میں 900 بندے ہیں، کسی کو نوکری سے نکالنا نہیں چاہتا لیکن ہم نے پیسے بھی بچانے ہیں، پچھلے سال ہم نے2700 ڈومیسٹک میچ کرواٸے، ہمارا ہدف اگلے 4 ماہ میں 9 ہزار میچ کروانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 3 سینٹرز کو اپ گریڈ کر رہے ہیں، امید ہے کراچی،لاہور اور اسلام آباد کے وینیوز تیار ہوجاٸیں گے، چیمپٸنز ٹرافی کی پوری تیاری ہے، اللہ سے امید ہے ایونٹ پاکستان میں ہوگا۔

mohsin naqvi