Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پیوٹن نے مغرب کو تیسری جنگِ عظیم سے خبردار کردیا

اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ سرحد یوکرینی حامی فوجیوں کے حملوں سے محفوظ رہے، روسی صدر
شائع 18 مارچ 2024 08:05pm

پانچویں بار روسی صدر منتخب ہونے والے ولادیمیر پیوٹن نے مغربی ممالک کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین میں مغربی افواج کی موجودگی اور نیٹو کی مداخلت دنیا کو تیسری عالمی جنگ کے دہانے پر دھکیل سکتی ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے ”دی گارڈین“ کی رپورٹ کے مطابق 17 مارچ کی شام انتخابات میں کامیابی کے بعد خطاب کرتے ہوئے پیوٹن نے مغربی ممالک کی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے اپنے حامیوں کو بتایا کہ اس طرح کے ردعمل کی انہیں توقع تھی۔

انہوں نے اپنے حامیوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’آپ ان سے کیا امید کر رہے تھے؟ کیا یہ ہمارے لیے تالیاں بجائیں گے؟ وہ ہمارے خلاف ہیں، ان کا مقصد ہماری ترقی کو محدود کرنا ہے، اس لیے وہ کچھ بھی کہتے رہیں گے۔‘

روسی صدر نے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ سرحد یوکرینی حامی فوجیوں کے حملوں سے محفوظ رہے، انہوں نے یہ بھی کہا کہ بطور صدر ان کا پہلا کام یوکرین جنگ سے نمٹنا، فوج کو مضبوط بنانا اور دفاع کو بہتر بنانا ہے۔

جب ان سے نیٹو کے ساتھ براہ راست تصادم کے امکان کے بارے میں سوال پوچھا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ ’آج کی دنیا میں کچھ بھی ممکن ہے.، یوکرین میں مغربی فوج کی موجودگی دنیا کو تیسری جنگ عظیم کے دہانے پر پہنچا سکتی ہے لیکن مجھے نہیں لگتا کہ کوئی بھی ایسا چاہتا ہے۔‘

Vladimir Putin

Russian President

NATO

President Vladimir Putin

ukraine war

world war 3