Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کور کمیٹی اجلاس میں 3 اہم فیصلے ہوئے، خیبرپختونخوا میں کرپشن پر میرا بیان نجی ٹی وی نے غلط چلایا، شیر افضل مروت

ہم احتجاج کریں گے، ہمارے خلاف مقدمات ٹھوکتے ہیں تو ٹھوکیں، شیر افضل مروت
شائع 18 مارچ 2024 06:14pm

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ آج کور کمیٹی اجلاس میں تین اہم فیصلے ہوئے ہیں۔

خیبرپختونخوا ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ کور کمیٹی نے مرکز اور صوبوں میں بھرپور احتجاجی تحریک چلانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت پہلا جلسہ اسلام آباد میں 30 مارچ کو ہوگا۔

شیر افضل مروت نے بتایا کہ اجلاس میں تمام غلط فہمیوں کو دور کیا گیا، اب ہمارے درمیان کوئی غلط فہمی نہیں ہے، آج خوشگوار ماحول میں اجلاس ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جو بھی فیصلے آئندہ ہوں گے وہ کور کمیٹی کے زریعے ہی ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا کے اراکین بھی آئندہ کیسز کی سماعت کے دوران عدالتوں میں پہنچیں گے، جہاں ہم ہم احتجاج کریں گے، ہمارے خلاف مقدمات ٹھوکتے ہیں تو ٹھوکیں۔

انہوں نے کہا کہ میرے بیان کو نجی ٹی وی پرغلط طریقے سے چلایا گیا، کہا گیا کہ میں نے کہا ہے گزشتہ دور حکومت میں خیبرپختونخوا میں اربوں روپے کی کرپشن ہوئی، میں نے یہ کہا کہ محمود خان اور پرویز خٹک جیسے لوگ پی ٹی آئی سے الگ ہو کر گنگا میں نہا کر پاک صاف ہوگئے؟

ان کا کہنا تھا کہ ہم ہر فیصلہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے منظور کرواتے ہیں، پہلے بھی کور کمیٹی فیصلے کرتی تھی اب بھی وہی کرے گی۔

Sher Afzal Marwat

PTI Core Committee Meeting