Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

ریاض میں قرآن پاک کے نایاب نسخوں کی نمائش

نمائش میں اسلامی خطاطی کا تنوع اجاگر کرتے ہوئے قرآن پاک کے 42 نایاب نسخے رکھے گئے ہیں
شائع 18 مارچ 2024 09:14am

سعودی دارالحکومت ریاض میں جاری ایک نمائش میں اسلامی خطاطی کا تنوع اجاگر کرتے ہوئے قرآن پاک کے 42 نایاب نسخے نمائش کے لیے پیش کیے گئے ہیں۔

کنگ عبدالعزیز پبلک لائبریری کے زیر اہتمام یہ شو ریاض کے المرابہ کوارٹرمیں منعقد کیا جا رہا ہے۔نمائش میں لائبریری کی جانب سے قرآن پاک کے نایاب نسخوں ایک ”ممتاز“ مجموعہ پیش کیا گیا ہے۔

تقریب کا افتتاح کرتے ہوئے لائبریری کے سپروائزر جنرل فیصل عبدالرحمٰن نے کہا کہ، ’اس نمائش کی اہمیت یہ ہے کہ اس میں آرائش اور سجاوٹ کے فنون کے ساتھ ساتھ قرآن پاک کی تزئین و آرائش سے متعلق مختلف مکاتب فکر پر روشنی ڈالی جائے۔‘

انہوں نے کہا کہ یہ لائبریری کے ثقافتی پروگرام کا حصہ ہے جس میں مملکت کے اندر اور باہر قومی، مذہبی اور ثقافتی مواقع پر موضوعاتی نمائشوں کے انعقاد پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔

گزشتہ 40 سال سے شاہ عبدالعزیز پبلک لائبریری میں نایاب تصاویر، منی ایچرز اور مخطوطات کے ذریعے اسلامی اور عرب ورثے کی نمائش پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔

اس حوالے سے مزید بتایا گیا کہ لائبریری نے پیرس میں واقع عرب ورلڈ انسٹی ٹیوٹ برٹش میوزیم میں حج کے بارے میں ایک نمائش کا اہتمام کیا۔

2007 میں لائبریری کی جانب سے حج پر ایک فلم تیار کی جو بڑی تعداد میں دنیا بھر کے سینما گھروں میں دکھائی گئی۔دیگر نمائشوں میں عربی شاعری اور خطاطی پر توجہ مرکوز کی گئی۔

دنیا بھر سے مسلمان رمضان المبارک میں سعودی عرب کا رخ کرتے ہیں تاکہ وہ عمرہ کی ادائیگی اور مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں نماز ادا کرسکیں جو اسلام کے دو مقدس ترین مقامات ہیں۔

Riyadh

Quran

Rare copies of Quran

Exhibition