Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

میر علی میں جام شہادت نوش کرنے والے فوجی افسران و جوانان آبائی علاقوں میں سپردخاک

بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں، آئی ایس پی آر
اپ ڈیٹ 18 مارچ 2024 12:17am

شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں دہشت گردوں سے لڑتے ہُوئے جام شہادت نوش کرنے والے کراچی کے رہائشی 39 سالہ لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی شہید، تلہ گنگ کے رہائشی 23 سالہ کیپٹن محمد احمد بدر شہید، خیبر کے رہائشی 39 سالہ حولدار صابر شہید، لکی مروت کے رہائشی 30 سالہ نائیک خورشید شہید، پشاور کے رہائشی 29 سالہ سپاہی ناصر شہید، کوہاٹ کے رہائشی 28 سالہ سپاہی راجا شہید اور ایبٹ آباد کے رہائشی 25 سالہ سپاہی ساجد شہید کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقوں میں سپرد خاک کردیا گیا۔

گذشتہ روز شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے 2 افسران اور 5 جوان شہید ہوگئے تھے، جبکہ جوابی کارروائی میں 6 دہشت گرد بھی مارے گئے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چھ دہشت گردوں پر مشتمل گروہ نے پاک فوج کی سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کیا، سیکورٹی فورسز نے دراندازی کی کوشش ناکام بنائی تو دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی چوکی سے ٹکرا دی، اس کے بعد متعدد خودکش بم حملے ہوئے، جس کے نتیجے میں ایک عمارت کا ایک حصہ منہدم ہوگیا اور دہشتگرد حملے میں پاک فوج کے 5 جوان شہید ہوگئے۔

کلیئرنس آپریشن کے دوران لیفٹیننٹ کرنل کاشف کی قیادت میں فوجی دستوں نے مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے تمام 6 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا۔ تاہم فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی اور کیپٹن محمد احمد بدر نے بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔

شہداء کی نمازِ جنازہ میں ان کے اہلِ خانہ، عزیز و اقارب، پاک فوج کے افسران، عمائدینِ علاقہ اور لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ پاک فوج کے بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ مادر وطن سے دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے تک ہماری یہ جنگ جاری رہے گی۔

ISPR

North Waziristan

Mir Ali Operation